اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظرجولائی کے مہینے کے لیے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جمعہ کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ ماہ کے لیے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں 1 روپے 50 پیسے کی کمی کافیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی رد و بدل نہیں کیا گیا۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کی جانے والی کمی کے باعث قومی خزانے کو تقریباً 2 ارب 40 کروڑ روپے کا بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت 1.50 روپے کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 79.90 روپے فی لیٹر ہوجائے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کے لیے نئی قیمتوں کی منظوری دے دی۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 72 روپے 80 پیسے سے کم ہو کر اب 71 روپے 30 پیسے پر آجائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا جو 31 جولائی تک برقرار رہے گا۔اسحاق ڈار کے مطابق لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا اور جولائی کے مہینے میں پرانی قیمتیں ہی برقرار رہیں گی۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ کی جانب سے جون کے مہینے کے لیے بھی پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 20 پیسے کی کمی کی گئی تھی جبکہ لائٹ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں کو برقرار رکھا گیا تھا۔
پیٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں ایک روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان
وقتِ اشاعت : July 1 – 2017