|

وقتِ اشاعت :   July 1 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی ہدایت پر صوبے کے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں فوری طور پر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیاگیا ہے۔

اس سلسلے مین متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے متاثرین کی جلد ازجلد بحالی اور ان تک اشیاء خوردونوش، ضروری ادویات ، خیمے اور دیگر امدادی اشیاء کی ترسیل کے لئے شب روز کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

متاثرہ اضلاع مین سیلاب میں پھنسے افراد کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کے علاوہ سیلابی پانی کی نکاسی کے لئے بھاری مشینری متاثرہ مقامات تک پہنچادی گئی جبکہ سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور راستوں کی بحالی اور انہیں آمدورفت کے قابل بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان صوبے میں سیلابی صورتحال سے مسلسل آگاہ رہتے ہوئے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں۔ ان کی ہدایت پر متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے دفاتر میں سیلابی صورتحال سے متعلق آگاہی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کنٹرول رومز بھی قائم کردیئے گئے ہیں۔

ضلعی سطح پر متعلقہ ادارے اور عملہ متاثرین کی فوری مدد اور بحالی کے لئے تسلسل سے اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے جس کے باعث اکثر اضلاع میں بنیادی ڈھانچہ اور متاثرین کے بحالی کی صورتحال میں کافی حد تک بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔