|

وقتِ اشاعت :   July 4 – 2017

کوئٹہ: سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین وجمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل کردہ جے آئی ٹی پر لگی ہوئی ہے۔

رواں ہفتے مشترکہ تفتیشی ٹیم اپنی حتمی رپورٹ عدالت عظمیٰ میں پیش کریگی ،تمام سیاسی جماعتوں کو پانامہ پیپرز کے متعلق سپریم کورٹ اور جے آئی ٹی کا فیصلہ تسلیم کرنا چائیے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچنے پر’’ اے پی پی‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹرمولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جہاں تک جمعیت علماء اسلام کی سیاسی حکمت عملی کا تعلق ہے ہم نے ہمیشہ آئین اور جمہوریت کی بالادستی اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کی بات کی ہے ۔

ایسا کوئی قدم جس سے جمہوریت اور جمہوری عمل کو نقصان پہنچتا ہو اس سے گریز کرنا چائیے ،ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان میں مشکل امر یہ ہے کہ ہر پارٹی پر توقع رکھتا ہے کہ جے آئی ٹی میر ی مرضی کا فیصلہ دیں اسطرح ممکن نہیں لیکن بنیادی طور پر آئین وقانون کی بالادستی کی طرف کسی کا دھیان نہیں جاتا ہے ۔

آج ملک سیاسی عدم استحکام کی طرف جارہا ہے تمام سیاسی پارٹیوں کو چاہیے کہ سیاسی استحکام کے لیے جدوجہد کرے تاکہ ملک میں جمہوریت مزید مضبوط ہو۔

ایک اورسوال کے جواب میں مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ 7،8،جولائی کو لاہور میں جمعیت علماء اسلام کا مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیکر آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔