|

وقتِ اشاعت :   July 4 – 2017

قلعہ عبداللہ: عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہاہے کہ اسمبلی کے فلور پر اربوں روپے قلعہ عبداللہ شفٹ کرنے کی بازگشت تو سنائی دے رہی ہے لیکن قلعہ عبداللہ کے عوام آج تمام تر سہولتوں سے محروم ہے ،تین سو ارب روپے کہاں خرچ ہوئے کسی کو کچھ معلوم نہیں ۔

پشتون قومی تحریک سے راہیں جدا کرنا آج کے دن کیلئے تھا جن نکات کو مینڈیٹ بنایاتھا اس پر ایک فیصد عمل درآمد نہیں کرایاجاسکا ،قوم آج باشعور ہوچکی ہے اپوزیشن میں رہتے ہوئے قبائلی عمائدین ،نوجوانوں ،سیاسی کارکنوں کی جوق درجوق درست سیاست ،برحق موقف ،جرأت مندانہ قیادت پر مہر ثبت ہے ۔

نورک خان غبیزئی اور ان کے ساتھیوں کو فکر باچاخان اپنانے پر دل کی اتھا گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان سے امید کرتے ہیں کہ وہ وطن کی ترقی وخوشحالی کیلئے ہر دم تیار رہیں گے ۔ا

ن خیالات کااطہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی ،صوبائی پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی ،صوبائی جنرل سیکرٹری حاجی نظام الدین کاکڑ ،،صوبائی سینئر نائب صدر نوابزادہ ارباب عمر فاروق کاسی ،ڈسٹرکٹ قلعہ عبداللہ کونسل چیئرمین ملک عثمان اچکزئی ،ڈسٹرکٹ کونسل ممبر نورک خان غبیزئی ،حاجی مراد خان غبیزئی ،جمیل احمد پیر علی زئی ،سعد اللہ غبیزئی شیر شاہ والا اور شاہ ولی غبیز ئی نے قلعہ عبداللہ پنکی میں نورک خان غبیزئی کی رہائش گاہ پر عظیم الشان جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پشتونخوامیپ کے ڈسٹرکٹ کونسل ممبر نورک خان غبیزئی نے اپنے خاندان کے سینکڑوں ساتھیوں ،جمعیت علماء اسلام سے سعد اللہ اور شاہ ولی نے ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کااعلان کیا۔

اس سے پہلے گلستان کراس کے مقام پر شاندار اور پرتپاک استقبال کیاگیااور ایک بہت بڑے جلوس کی شکل میں قائدین کو جلسہ گاہ پہنچایا گیا ۔

مقررین نے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ پشتونخوا وطن کے طول وعرض میں پشتون اولس فکر باچاخان کو اپنا رہے ہیں یہی دراصل حقیقی تبدیلی چاہتے ہیں کیونکہ گزشتہ 40سالوں سے قوم کو دھوکہ دیاجاتارہاہے مختلف خوشنما اور پرفریب نعروں کے ذریعے لیکن قوم کی حالت میں ذراء بھی برابر بہتری نہ آسکی ۔

مقررین نے کہاکہ عوامی نیشنل پارٹی برسراقتدار آکر قوم کی معاشی ،قومی ،حقوق حاصل کرکے رہیں گے اور احساس محرومی کو ختم کرکے دم لے گی ،انہوں نے کہاکہ ہم نفرت سے نفرت کرتے ہیں اور سیاست میں رواداری ،برداشت اور تحمل پر یقین رکھتے ہیں اور ہر قسم کے تعصب ،زئی خیلی کو رد کرتے ہین بعدازاں قائدین کے اعزاز میں ظہرانہ دیاگیا۔