کوئٹہ: صوبائی سیکریٹری خزانہ اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت میں موجود مخلوط حکومت کی ترجیحات کے تناظر میں خود انحصار ترقی یافتہ اور خوشحال بلوچستان کے قیام کے لئے صوبے میں ترقی کے عمل کو تیز کرنے کی خاطر سازگار ماحول فراہم کرنا، ہرسطح پر مالیاتی نظم ونسق اور صوبائی قیادت کے وژن کے تناظر میں بلوچستان بینک کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔
بلوچستان بینک کے قیام کے لئے تمام تکنیکی طریقہ کار کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔ یہ بات انہوں نے بلوچستان بینک کے قیام کے لئے منعقدہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سیکریٹری محکمہ منصوبہ بندی وترقیات تاثیر جمال علی زئی، ایڈیشنل سیکریٹری وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ لعل جان جعفر، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ وجیہ اللہ کنڈی، محکمہ قانون کے سولیسٹر قاسم بشیر ودیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ بینک کے قیام میں قانونی اور معاشی امور سے متعلق رہنمائی کے لئے تجویز دی گئی۔ اس مقصد کے لئے ایک کنسلٹنٹ فرام کی خدمات حاصل کی جائیں گی جو ان امور سے متعلق کمیٹی کو قانونی اور معاشی رہنمائی فراہم کرے گی۔
علاوہ ازیں کمیٹی میں محکمہ قانون کو شامل کیا گیا ہے جو کہ اس سے پہلے کمیٹی کا حصہ نہ تھے جبکہ قانونی مشاورت کے لئے محکمہ کے نمائندے، اسٹیٹ بینک، آڈٹ فرم اورایس ای سی پی سے مشاورت کرے گی۔
اس موقع پر سیکریٹری خزانہ نے بتایا کہ بلوچستان بینک کے قیام میں تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا اور اس سے متعلق کمیٹی کی مرتب کردہ تجاویز کو کابینہ میں بھیجا جائے گا تاکہ بلوچستان بینک کا قیام عمل میں لایا جاسکے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی ہدایت پر بینک کے قیام کے لئے رواں مالی سال میں خطیر رقم مختص کی ہے جو ایک جراٌتمندانہ اقدام ہے۔ یہ بینک موجودہ حکومت کی کامیابیوں کا باعث ثابت ہوگا۔ اس بینک کے قیام سے نہ صرف معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ اقتصادی راہداری منصوبے پر بھی اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ بینک کے قیام کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان سے سابق گورنر اسٹیٹ بینک اشرف وتھرا سے ہونے والے والی ملاقات کے دوران تفصیلی گفتگو ہوئی تھی جس پر اسٹیٹ بینک نے بلوچستان بینک کے قیام کے حوالے سے مکمل معاونت کا یقین دلایا تھا۔
بلوچستان بینک کے قیام کیلئے تمام تکنیکی طریقہ کار کو عملی جامہ پہنا یا جا رہا ہے ،اکبر حسین درانی
وقتِ اشاعت : July 6 – 2017