حب: وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی ھدایت پر لسبیلہ انتظامیہ نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں املاک کو ہونے والے نقصانات کی سروے کا کام جنگی بنیادوں پر مکمل اور متاثرہ علاقوں میں زمینی رابطے بحال کرادیے ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر لسبیلہ مجیب الرحمان قمبرانی کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 29اور 30 جون کی درمیانی رات طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہونی والی سیلاب کی تباہ کاریوں کے فوری بعد وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی خصوصی ہدایت پر لسبیلہ انتظامیہ نے پاک نیوی ایف سی بلوچستان، پاکستان کوسٹ گارڈ لسبیلہ اور ایدھی فاؤنڈیشن کے تعاون سے سیلاب میں گھرے ہوئے لوگوں کیلئے ریسکیو آپریشن کرکے 100خیموں پر مشتمل خیمہ بستی قائم کیاخیمہ بستی میں میڈیکل کیمپ لگا کر روزانہ چارسو سے زائد متاثرین کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں ۔
لسبیلہ انتظامیہ کی جانب سے پی ڈی ایم اے کے تعاون سے تین روز تک امدادی سامان فراہمی کیساتھ سیلاب متاثرین کوکھانا بھی مہیا کیاگیا، کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی بھی سیلاب متاثرین کیلئے جاری ریسکیو اورریلیف آپریشن کی خود مانیٹرنگ کرتے رہے ۔
سیلابی ریلے میں ڈوب جانیوالے 14لاپتہ افراد کی لاشیں بھی ضلعی انتظامیہ کی کوششوں سے ریسکیو اور انکی تدفین کے انتظامات بھی کئے گئے ،سیلاب سے متا ثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں جاری رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے ایریگیشن کینال کے سیلاب سے متاثرہ حصوں کی دوبارہ تعمیر کا کام ترجیحی بنیادوں پر شروع کروایا ، اور دس جولائی تک لسبیلہ کینال کو فنکشنل کردیا جائیگا ۔
جس سے حب کے صنعتی زون اور پی ایچ ای کے تالابوں کو پانی کی فراہمی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگا ، کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی اور سیکریٹری پی ایچ ای کی ہدایت پر گڈانی اور حب شہر کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں واٹرٹینکر اور واٹر اسٹوریج ٹینک کے ذریعے پانی کی تقسیم اور مانیٹرنگ کیلئے ایکسئن پی ایچ ای غلام سرورمینگل کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے ۔
جس میں ضلعی انتظامیہ کے نمائندے پولیس ،چیف افسرگڈانی وچیف افسر حب کے علاوہ ایف سی کا نمائندہ شامل ہے یہ کمیٹی لسبیلہ کینال کے فنکشنل ہونے تک متاثرہ علاقوں میں پانی کی سپلائی یقینی بنانے کیلئے اپنی ذمہ داریاں نبھائے گی ۔
سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، ڈی سی لسبیلہ
وقتِ اشاعت : July 6 – 2017