|

وقتِ اشاعت :   July 7 – 2017

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( او جی ڈی سی ایل ) اور گیزپرام انٹرنیشنل ، مشترکہ منصوبوں پر باہمی رضامندی سے تیل و گیس کی تلاش اور ترقی کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کا کریں گے ۔

اس سلسلے میں ریشا ( روس ) میں مفاہمت کی ایک یاداشت پر سینٹ پیٹرز برگ میں دستخط کیے گئے ۔ اس موقع پر دونوں کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرز بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں روسی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، جس میں انہوں نے گفت و شنید کے ذریعے فریم ورک کو حتمی شکل دی تھی ۔

گیزپرام کے ڈپٹی چیئرمین اور گیزپرام انٹرنیشنل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے اپنے اسلام آبادمیں دورے کے دوران پاکستان میں توانائی کے شعبے میں ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

اس فریم ورک کے تحت گیزپرام انٹرنیشنل پاکستان میں ایکسپلوریشن اینڈ پروڈکشن ( ای اینڈ پی ) سیکٹر میں او جی ڈی سی ایل کے تعاون سے سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لیں گے ۔ گیزپرام انٹرنیشنل او جی ڈی سی ایل کو مختلف بلاکس پر مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کی پیشکش کرے گی۔

گیزپرام انٹرنیشنل او جی ڈی سی ایل کی تیل و گیس کی پیداوار میں اضافے کے لئے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے پر رضامند ہے ۔ او جی ڈی سی ایل اور گیزپرام ، پاکستانی فیلڈز سے تیل و گیس کے پیداواری حجم اور زر مبادلے میں نمایاں اضافے کے لئے ایک دوسرے سے تعاون کریں گی ۔

ان کمپنیوں نے مشترکہ منصوبوں، تیل و گیس کے بنیادی دھانچے کی ترقی اور ہائیڈروکاربن کی درآمد پر متفقہ فیصلے کیے ۔ اس ایم او یو پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے دونوں کمپنیوں نے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کیا جس کا پہلا اجلاس ماہ اگست 2017 کے وسط میں منعقد ہو گا ۔

گیزپرام انٹرنیشنل اس وقت چار براعظموں کے تقریباً بیس ممالک میں کام کر رہی ہے اور مختلف نوعیت کے تقریباً چالیس منصوبوں میں حصہ دار ہے ۔ اس کے اہم منصوبے الجیریا، ویت نام ، ازبکستان تاجکستان ، کرغیرستان ، بنگلہ دیش اور شمالی سمندر کے شیلف ( برٹش ، دانش اور ڈچ سیکٹر ) میں جاری ہیں ۔