|

وقتِ اشاعت :   July 12 – 2017

 کراچی: معلوماتی ویب سائٹ وکی پیڈیا نے کیلبری فونٹ کے صفحے میں ایڈٹنگ کا آپشن عارضی طور پر بند کردیا ہے۔

وکی پیڈیا کو ’’کیلبری‘‘ فونٹ کے صفحے میں ترمیم کی اتنی درخواستیں موصول ہوئی ہیں کہ اس نے عارضی طور پر اس صفحے میں ترمیم کا آپشن ہی بند کردیا ہے۔ وکی پیڈیا نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس صفحے پر ترمیم 18 جولائی 2017 تک یا پھر تنازع حل ہونے تک روک دی گئی ہے۔

صرف منگل کو ایک دن میں وکی پیڈیا کے کیلبری صفحے میں 35 مرتبہ ترمیم کی گئی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے جے آئی ٹی سے کہا تھا کہ وہ لندن فلیٹس کی ٹرسٹی ہیں مالک نہیں۔

اس کے ثبوت میں انہوں نے 2006 کی تاریخ کی کچھ دستاویزات بھی پیش کی تھیں، جنہیں جے آئی ٹی نے جعلی قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان دستاویزات میں جو ’’کیلبری‘‘ فونٹ استعمال کیا گیا ہے وہ تو 2007 سے پہلے مستعمل ہی نہیں تھا، لہذا پیش کی گئی دستاویزات بعد میں تیار کی گئیں اور ان پر پرانی تاریخ درج کردی گئی۔

وکی پیڈیا پر موجود معلومات کے مطابق اس فونٹ کا پہلا ورژن 30 جنوری 2007 میں ریلیز ہوا جو مریم نواز کے کاغذات پر دستخط کرنے کے بعد کی تاریخ ہے۔

پاکستان میں سوشل میڈیا پر کیلبری اس وقت ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے، جس کے بارے میں طرح طرح کے لطیفے بنائے جارہے ہیں۔