|

وقتِ اشاعت :   July 13 – 2017

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا ہے کہ وزیراعظم استعفٰی نہیں دیتے تو انہیں انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نعیم الحق نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تفتیش کے دوران وزیر اعظم نواز شریف  سے متعلق تشویش ناک باتیں سامنے آرہی ہیں، اگر نواز شریف استعفا نہیں دیتے تو نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے اور انہیں برے انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔  ماڈل ٹاؤن واقعے میں وزیر اعظم نے اپنے بھائی کو بچانے کی کوشش کی، جس کی وجہ سے مظلوموں کو انصاف نہیں ملا ہم پاناما کے بعد ماڈل ٹاؤن اور ڈان لیکس کی رپورٹ منظر عام پر لائیں گے تاکہ مظلوموں کو انصاف ملے۔

اسلام آباد میں 2 ماہ کے لیے دفعہ 144کی توسیع کی مخالفت کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں عمران خان نے بابراعوان کو عدالت سے رجوع کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے۔

اس موقع پر بابر اعوان نے کہا کہ ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم ہے، ابھی تو صرف ایک پاناما کیس ہے، جس میں کھربوں سامنے آگئے۔

تمام جماعتیں وزیراعظم نواز شریف کے استعفے کا مطالبہ کررہی ہیں، جےآئی ٹی رپورٹ میں شہبازشریف کابھی وزیراعظم جیساہی ذکرہے، وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے شریف خاندان کے منشی کا کردار ادا کیا، اس لیے ہم ان دونوں کے استعفے کا بھی مطالبہ کرتے ہیں۔

وزیراعظم چاہے جتنا روئیں ہم انھیں سیاسی شہید نہیں ہونے دیں گے، پوری قوم وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ کررہی ہے لیکن ہم نیا وزیر اعظم نہیں نئے الیکشن چاہتے ہیں۔

بابر اعوان نے مزید کہا کہ ظفر حجازی سرکاری اہلکاروں کودھمکیاں دے رہے ہیں، ان کے خلاف جےآئی ٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر مقدمہ ہوا ہے ، انہوں نے مزید ٹیمپرنگ کرنے کی بھی دھمکیاں دی ہیں، ایان علی کو گرفتار کرنے والی ایف آئی اے حجازی کو گرفتار کیوں نہ کرسکی۔