|

وقتِ اشاعت :   July 18 – 2017

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی نے فائرنگ کرکے اپنے اعلیٰ افسر کو ہلاک کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے اڑی سیکٹر میں ایل او سی پر تعینات ایک بھارتی سپاہی نے اپنے میجر کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ دونوں کا تعلق راشٹریہ رائفلز آرمرڈ کور سے ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق میجر نے سپاہی کو دوران ڈیوٹی موبائل فون استعمال کرنے پر ڈانٹا اور اس سے فون چھین کر توڑ دیا جس پر سپاہی نے اپنے افسر کو پانچ گولیاں مار دیں۔ بھارتی فوج نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

بھارتی فوج کا اندرونی خلفشار اس قدر زیادہ ہے کہ مارچ میں بھارتی حکومت نے ہدایت کی کہ فوجی افسران کو دیئے جانے والے اردلی یا سہائیک بھی فوج کا حصہ ہوتے ہیں اور انہیں نوکر نہ سمجھا جائے اور کم تر درجے کے کام نہ کرائے جائیں۔ بھارتی وزیر مملکت برائے دفاع سبھاش بھامرے کے مطابق پچھلے سال فورسز میں اہلکاروں کے ہاتھوں اپنے ہی ساتھیوں کی ہلاکت کے تین واقعات سامنے آئے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج میں کمیشنڈ افسروں اور نان کمیشنڈ سپاہیوں کے درمیان ناراضی بڑھتی جارہی ہے۔ بھارتی سپاہی اپنے افسروں پر کرپشن اور ذاتی کام کرانے کے الزام عائد کرتے ہیں۔ رواں سال جنوری میں بھارتی فوجی تیج بہادر نے اپنی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی تھی کہ سرحد پر تعینات فوجیوں کو کھانے پینے کو نہیں دیا جاتا، جس کے بعد پراسرار طور پر اسے قتل کردیا گیا تھا۔