|

وقتِ اشاعت :   July 19 – 2017

کوئٹہ :  مستونگ پولیس کی حراست میں جاں بحق ہونے والے ملزم کو پوسٹ مارٹم کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز مستونگ پولیس بابل نامی شخص کی نعش ہسپتال لائی جو کسی مقدمے میں تھانے میں بند تھا اور پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا ۔

نعش کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جس کو بعد میں پوسٹ مارٹم کی غرض سے کوئٹہ سول سنڈیمن ہسپتال منتقل کیاگیا۔مستونگ میں پولیس کی حراست میں مبینہ تشدد سے قیدی ہلاک،ایس پی مستونگ نے ایس ایچ او کو معطل کر کے تحقیقات کا حکم جاری کردیا گیا۔

تفصیلا ت کے مطابق گزشتہ روز مستونگ کے سٹی پولیس تھا نہ میں سہراب خان نا می شخص کو ڈکیتی میں ملوث ہونے کے شبے پولیس نے ایف آئی آر میں نا مزد کیا جس پر اسکے والد خود اسے تھانہ چھوڑ کر گئے تھے ہلاک ہونے والے سہراب خان کے والد کا کہنا ہے کہ رات گئے پولیس نے سہراب خان کی لاش کو مستونگ ہسپتال منتقل کیا اوراہل خانہ کو اسکی اطلاع نہ دی ۔

جب ہم نے معلومات حاصل کر نے کی کوشش کی تو ہمیں بتا یا گیا کہ سہراب خان نے دوران حراست بھا گنے کی کوشش کی جس پر وہ چھت سے گر کر جاں بحق ہوا ،جس کی شکایت ایس پی مستونگ کو کر دی ہے ۔

دریں اثناء ایس پی مستونگ نے سہراب خان کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او سفر خان کو فوری طور پر معطل کر کے انکے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا جبکہ سہراب خان کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا ۔