کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ کوئٹہ شہر کی بہتری ،شہری سہولتوں میں اضافے،تجاوزات کے خاتمے ،صحت وصفائی اورٹریفک نظام کوبہتربنانے کیلئے صوبائی حکومت بھرپورتعاون کررہی ہے اورکوئٹہ میٹرپولیٹن کارپوریشن کو خطیرفنڈز فراہم کئے گئے ہیں ۔
کوئٹہ کو ایک مثالی شہر بنانے کیلئے بلدیاتی نمائندوں اورعوام کو بھی اپناکرداراداکرناہوگا،کاغذی کاروائی اورزبانی دعؤں کا وقت گذرچکاہے اب عملی اقدامات کا وقت ہے تجاوزات کے خاتمے سمیت شہر کے مسائل کے حل میں ناتوکوئی دباؤ قبول کیاجائے گا اورنہ ہی کوئی سمجھوتاکیاجائے گا،ہرمتعلقہ محکمے ادارے اورافسرواہلکاروں کو دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے نا اہل ہونے کے تاثر کو ختم کرناہوگا۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے وزیراعلیٰ گرانٹ کے ذریعے کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کیلئے خریدی گئی صفائی کی جدید مشینری میئرکوئٹہ کے حوالے کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،صوبائی وزرأ نواب ایاز خان جوگیزئی،میرسرفرازبگٹی، عبدالرحیم زیارتوال، ڈاکٹرحامداچکزئی، سرداررضامحمدبڑیچ، عبیداللہ بابت، اراکین صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے،میردستگیر بادینی اورپرنس علی بلوچ بھی اس موقع پر موجودتھے جبکہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ حافظ عبدالماجد، میئرکوئٹہ ڈاکٹرکلیم اللہ ڈپٹی میئریونس بلوچ اورمیٹروپولیٹن کارپوریشن کے کونسلروں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ بد قسمتی سے گذشتہ حکومتوں نے امن وامان سمیت کوئٹہ شہر کے مسائل کے حل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے یہ خوبصورت شہر بد صورت ہوگیااورگوں نا گوں مسائل کاشکار ہوکرماضی میں لٹل پیرس کہلانے والاشہرگندگی کا ڈھیر بن گیا۔
انہوں نے کہاکہ ناقص پالیسیوں اورعدم توجہی کے باعث سڑکیں ،نالیاں اورفٹ پاتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئے،وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالتے ہی کوئٹہ شہر کی بہتری کی جانب خصوصی توجہ دی اورمحکمہ بلدیات اورکوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کو ایک ارب روپے سے زائد کی خطیر گرانٹ فراہم کی ،جس کے ذریعے عرصہ دراز سے ہزاروں ٹن جمع شدہ کچرہ کو ٹھکانے لگایاگیا اورصفائی کیلئے جدید مشینری خریدی گئی جو آج میٹروپولیٹن کارپوریشن کے حوالے کی جارہی ہے ۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ وہ شہر کی 100فیصد صفائی اور100فیصد شہری سہولتوں کی دستیابی چاہتے ہیں اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی نمائندوں کو بھی اپنے اپنے حلقوں کی صفائی کیلئے اپناکرداراداکرناہوگا اورشہریوں میں بھی صفائی کا شعوراُجاگرکرناہوگا،یہ شہر ہم سب کا ہے اس پر ہم سب کا حق بھی ہے اوراس کی بہتری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری بھی ہے جس سے آنکھیں نہیں چرائی جاسکتیں۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجا ب محمدشہبازشریف نے لاہور کو ایک جدید شہربنایاہے اسی طرح ہم بھی کوئٹہ کو ایک نیااورجدید شہربنائیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ کوئٹہ بلوچستان کا چہرہ ہے اس مسخ شدہ چہرے کو ہم بحال کریں گے ۔
انہوں نے کہاکہ صوبائی بجٹ میں کوئٹہ ایکسپریس وے کی تعمیر کا منصوبہ شامل کیاگیاہے جبکہ وفاقی اورصوبائی حکومت کی جانب سے 10ارب روپے کی خطیر رقم سے کوئٹہ ترقیاتی پیکج تیار کیاگیاہے جس کے ذریعے مختلف مقامات پر انڈرپاسزاوورہیڈبریجزتعمیرکئے جائیں گے تنگ سڑکوں اورگلیوں کو وسیع کیاجائے گا ،شہر کی لینڈاسکیپنگ کی جائے گی ،پارکوں کی تعمیر اورخصوصی شجرکاری کی جائے گی جس سے شہر کا ایک مثبت تاثر اُجاگرہوگا اورباہر سے آنے والے اچھاتاثر لیکرجائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ محکمہ بلدیات کوکوئٹہ شہر کی صفائی اورسالڈویسٹ مینجمنٹ کیلئے نجی شعبہ کے ساتھ جوائنٹ وینچر کی ہدایت کی گئی ہے جس سے جمع ہونے والے کچرہ کوروزانہ کی بنیاد پر ٹھکانے لگاناممکن ہوسکے گا،
وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت کے تمام وسائل عوام کی امانت ہیں اورہم انہیں دیانتداری کے ساتھ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے خرچ کررہے ہیں۔قبل ازیں سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے میئرکوئٹہ ڈاکٹرکلیم اُللہ نے کوئٹہ شہر کی تعمیروترقی اورصحت وصفائی کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی توجہ اورخطیر گرانٹ کی فراہمی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ اداکرتے ہوئے شہر کی بہتری کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اقدامات اورجاری ومجوزہ منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک ارب روپے سے زائد کی وزیراعلیٰ گرانٹ کے تحت 20کروڑروپے کی لاگت سے کچرہ اُٹھانے کی خصوصی مہم کے ذریعے اب تک 85ہزارٹن سے زائد کچرہ اٹھایاگیاہے جس پر اب تک13کروڑروپے خرچ کئے گئے ہیں جبکہ 83کروڑروپے سے زائد کی رقم صفائی کی جدید مشینری خریدنے کیلئے استعمال کی جارہی ہے اورپہلے فیز میں 43کروڑروپے کی لاگت سے 35عددگاربیج کمپیکٹر،10عددسوزوکی منی ڈمپرز،5عددمکینیکل سویئپرز، 12عددچھوٹے لوڈرز،2عددہیوی لوڈرز،ایک عددفرنٹ ہینڈ ٹریکٹرلوڈر،ایک عددسپورجیٹر اور2عدداپرل بکٹس خریدے گئے ہیں دوسرے فیز میں 40کروڑروپے سے مزید مشینری خریدی جائے گی۔
جدید مشینری سے کچرہ اٹھانے کی استعدادکارمیں اضافہ ہوگا اورصفائی کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔انہوں نے کوئٹہ شہر کی خوبصورت اورصفائی کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی جانب سے فراہم کی گئی خطیر گرانٹ کو انقلابی اقدام قراردیا۔ڈپٹی میئر محمدیونس بلوچ نے بھی کوئٹہ شہرکی بہتری کیلئے عملی تعاون کی فراہمی پروزیراعلیٰ کاشکریہ اداکیا۔
بعدازاں وزیراعلیٰ نے مشینری کی چابیاں میئر کوئٹہ کے حوالے کیں اورمشینری کا معائنہ کیا۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ بین الصوبائی رابطو ں کے فروغ اوراستحکام سے فیڈریشن مضبوط ہوگی ،صوبوں کے مابین ہم آہنگی میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے ،قدرتی آفات اورمشکل کی گھڑی میں صوبوں کی ایک دوسرے کی مدد سے عوام کو مثبت پیغام جاتاہے۔
ان خیالا ت کااظہارانہوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے زلزلہ سے متاثرہ آواران کے بیروزگارگریجویٹس کیلئے تین سالہ انٹرن شپ کے حوالے سے چیک وصول کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا،پنجاب کے صوبائی وزیرپی ڈی ایم اے مہراعجاز اچلانا اورڈپٹی اسپیکرپنجاب اسمبلی سردارشیرعلی گورچانی نے وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی جانب سے وزیراعلیٰ بلوچستان کو 132ملین روپے کا چیک پیش کیا۔
صوبائی وزرأ عبدالرحیم زیارتوال ،سردارمحمداسلم بزنجو،میرسرفرازبگٹی،پنجاب اوربلوچستان کے سینئرحکام اورآواران کے بے روزگارگریجویٹس بھی اس موقع پر موجودتھے۔وزیراعلیٰ نے اس فراخدلانہ معاونت پر پنجاب کے عوام وزیراعلیٰ پنجاب اوران کی کابینہ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ پنجاب نے ہمیشہ قدرتی آفات میں بلوچستان کی مددکی ہے زلزلہ ہویا سیلاب پنجاب حکومت نے متاثرین کی امدادوبحالی کیلئے بھرپورتعاون کیاہے ۔
انہوں نے کہاکہ چاروں صوبوں کے مابین باہمی اتحاد واتفاق سے ناصرف قومی یکجہتی میں اضافہ ہوگا بلکہ ملک دشمن عناصر کو ایک واضح پیغام جائے گا کہ پاکستانی قوم کے اتحاد کو شکست نہیں دی جاسکتی،اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پنجاب کے صوبائی وزیرپی ڈی ایم ا ے نے کہاکہ وہ پنجاب کے عوام وزیراعلیٰ پنجاب اورانکی کابینہ کا خیرسگالی اورمحبت کا پیغام لیکرآئیں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب ہرمشکل میں بلوچستان کے ساتھ کھڑاہے اورآئندہ بھی بھرپورتعاون کرتارہے گا ہم نے آواران کے زلزلہ سے متاثرہ افراد کی امدادوبحالی میں اپناحصہ ڈال کرایک بھائی ہونے کا حق اداکیاہے کوئی احسان نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب ترقی کی راہ پر بلوچستان کو اپنے ساتھ دیکھناچاہتاہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے آواران کے زلزلہ کے موقع پر اپنے دورۂ آواران میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال کی اپ گریڈیشن ،پارک کی تعمیراورآواران کے 550بیروزگارگریجویٹس کیلئے انٹرن شپ پروگرام کا اعلان تھا ،آواران ہسپتال کیلئے85ملین روپے اورپارک کی تعمیر کیلئے 3ملین روپے فراہم کردیئے گئے ہیں جبکہ انٹرن شپ کیلئے 132ملین روپے گذشتہ مالی سال میں دیئے گئے 132ملین روپے آج دیئے جارہے ہیں جبکہ بقایا132ملین روپے رواں مالی سال میں اداکردیئے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے2ارب روپے کی لاگت سے کوئٹہ کارڈیالوجی سینٹر کے قیام کااعلان کیاہے اوراراضی کی فراہمی کے ساتھ ہی منصوبے کے تعمیراتی کام کاآغازکردیاجائے گا۔پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر نے اس موقع پر کہاکہ آواران کے زلزلہ کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے آواران کا دورہ کیااورپنجاب نے متاثرین کی امداد وبحالی کیلئے اپنافرض اداکیا۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب کے عوام اورحکومت بلوچستان کے عوام سے بے پناہ پیار کرتے ہیں اورہرمشکل کی گھڑی میں انکے ساتھ کھڑے ہیں۔
پنجاب کے وفد نے گرم جوش مہمان نوازی پر وزیراعلیٰ اورصوبائی وزیرداخلہ کا خصوصی طورپرشکریہ اداکیا۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے پنجاب کے وزیر،ڈپٹی اسپیکر اورسینئرممبربورڈ آف ریونیوپنجاب ڈاکٹرثاقب عزیز کوشیلڈپیش کی جبکہ پنجاب کے وفد کی جانب سے بھی وزیراعلیٰ کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی،صوبائی وزیرداخلہ و پی ڈی ایم اے میرسرفرازبگٹی نے بھی وفد کو شیلڈزپیش کیں۔