اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر بابراعوان کا کہنا ہے کہ شریف بردران بڑھکیں مارنے والا ٹولہ ہے وقت آنے پر بلوں میں گھس جاتا ہے لیکن اب ان کے لئے سپریم کورٹ کے فیصلے سے فرار کی کوئی گنجائش نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما بابراعوان کا کہنا تھا کہ آمریت کی نرسری میں پروان چڑھنے والوں کے لئے قانون کا یکساں نفاذ سمجھنا مشکل ہے جو لوگ شرم و حیا کو خیر باد کہہ دیتے ہیں وہ شریفوں کی کابینہ میں جگہ بنانے کے اہل ہوجاتے ہیں۔
بابر اعوان نے کہا کہ شریف برادران نے ہمیشہ آئین کو باندی بنا کر رکھنے کی کوشش کی اور ان کے درباریوں نے خود کو ہمیشہ قانون سے بالا تر سمجھا لیکن وزیراعظم کا منصب ملنے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ کو چوری، جھوٹ، جعل سازی، ٹیکس چوری اور قانون کو روندنے کا اختیار مل گیا۔
رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ نوازشریف کڑیاں جڑنے سے پہلے اور بعد مجرم ہی ثابت ہوئے یہ لوگ بڑھکیں مارنے والا ٹولہ ہے وقت آنے پر بلوں میں گھس جاتا ہے لیکن اس بار سپریم کورٹ کے فیصلے سے فرار کی کوئی گنجائش نہیں اور عدالت عظمیٰ کا فیصلہ نوشتہ دیوار و قوم کے لئے نجات کا پروانہ ہے۔