|

وقتِ اشاعت :   July 25 – 2017

کوئٹہ : کوئٹہ میں پانچ ہزار سے زائد افراد کو جعلسازی سے دستاویزات جاری کرنیوالے گروہ میں شامل چھ سرکاری ملازمین سمیت سات افراد کو گرفتار کرلیا۔ بڑی تعداد میں شناختی کارڈ ، جعلی مہریں سمیت مختلف دستاویزات بھی برآمد کرلی گئیں۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق کارروائی ایف آئی اے کوئٹہ کی کرائم سرکل کی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر رضوان اسلم کی سربراہی میں خفیہ اطلاع پر ایئر پورٹ روڈ پر کی۔ گروہ کے سرغنہ سینئرکلرک اشفاق احمد سمیت ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ کے چار ملازمین، محکمہ صحت اور محکمہ تعمیرات کے دو ملازمین اور ایک ایجنٹ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔ 

گرفتار ملزمان کے قبضے سے سینکڑوں شناختی کارڈ، لوکل ، ڈومیسائل اور برتھ سرٹیفکیٹس کے علاوہ چھ سو سے زائد جعلی بینک چالان، درجنوں جعلی مہریں بھی برآمد کرلی گئیں۔

ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے غیرملکیوں کو بھی لوکل ،ڈومیسائل اور برتھ سرٹیفکیٹس کے اجراء4 میں مدد دی۔ مجموعی طور پر پندرہ سالوں میں پانچ ہزار سے زائد مقامی و غیر مقامی افراد کو جعلسازی سے دستاویزات جاری کی گئیں۔

گرفتار ملزمان ڈپٹی کمشنر آفس کا سینئر کلرک اشفاق احمد ، لوکل آفس کا ملازم سنگین خان، جعفر علی ہزارہ، فرید احمد کاکڑ، محکمہ تعمیرات کے ملازم عبدالقیوم،محکمہ صحت کا ملازم مراد علی اور ایجنٹ علی شاہ شامل ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان کے انکشافات پر مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔