|

وقتِ اشاعت :   July 25 – 2017

خضدار:  ڈپٹی کمشنر خضدار کا تحصیل زہری میں مختلف علاقوں کا دورہ چار گھوسٹ اسکولوں کی نشاندہی ، آٹھ اسکول غیر فعال پندرہ اساتذہ غیر حاضر پندرہ اساتذہ معطل کارروائی کا حکم ڈپٹی کمشنر خضدار سہیل الرحمان بلوچ نے کہاہے کہ شعبہ تعلیم سے کھلواڑ کسی صورت قابل قبول نہیں جو اساتذہ اپنے تعلیمی اداروں سے مسلسل غیر حاضر رہتے یا غفلت کا مرتکب پائے جاتے ہیں وہ قوم کے خیرخواہ نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جو علاقے تعلیمی پسماندگی کا شکار ہیں ان علاقوں کے اساتذہ کو اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دینا چاہیئے نہ کہ وہ غیر حاضر رہ کر بچوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگائیں ڈپٹی کمشنر نے تحصیل زہری میں علاقے عمائدین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل زہری میں دس سے زائد اسکولوں کی بندش چار گھوسٹ اسکولوں جن کی عمارتوں کو جانوروں کے لیئے استعمال کیا جانا اور پندرہ اساتذہ کا تعلیمی اداروں سے طویل اور جزوی غیر حاضری لمحہ فکریہ سے کم نہیں حکومت سالانہ ایک خطیر رقم اساتذہ پر اسلیئے خرچ کرتی ہے کہ بچوں کو تعلیم کی دولت سے روشناس کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب ضلع بھر میں کوئی گھوسٹ اسکول یا اساتذہ نہیں ہوگا جس نے بھی غفلت کا مظاہرہ کیا وہ قومی مجرم تصور ہوگا انہوں نے موقع پر موجود علاقائی عمائدین سے کہا کہ آپ لوگ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے ساتھ تعاون کریں جو تعلیمی ادارہ فعال نہیں اس ادارے کا استاد غیرحاضر ہو اسکی فورا اطلاع کردیں تاکہ ان کے خلاف بلا تاخیر کارروائی کی جاسکے ۔

ڈپٹی کمشنر خضدار نے بند اسکولوں کو فورا کھولنے کے لیئے بھی عملی اقدامات اٹھائے تعلیمی افسران کو طلب کرکے پندرہ غیر اساتذہ کو معطل کرنے کے احکامات دیتے ہوئے محکمانہ کارروائی کا حکم دیا انہوں نے ضلع کے ان تمام غیر حاضر اساتذہ کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے تعلیمی اداروں میں حاضر ہوں چھاپے کے دوران غیر حاضر پائے گئے تو ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔۔۔