|

وقتِ اشاعت :   July 27 – 2017

بھاگ: بھاگ کے زمینداروں ،کاشتکاروں،کسانوں ،معتبرین،معززین،تاجر برادری ،سیاسی رہنماؤں کے زیر اہتمام بھاگ ناڑی زیرینہ ناڑی کھوکھر ڈیم کے زمینداروں کو زرعی پانی کی عدم فراہمی اور محکمہ ایریگیشن ضلع کچھی کی جانب سے پانی منصفانہ تقسیم نہ ہونے اور بالاناڑی میں غیر قانونی چینلوں کو بند نہ کرنے غیر قانونی چینلوں میں پانی چھوڑنے اور محکمہ ایریگیشن کیخلاف ایک بہت بڑا احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔

ریلی کے شرکاء نے محکمہ ایریگیشن ضلع کچھی اور ایکسین ایریگیشن کچھی کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور ہاتھوں بینرز ،پلے کارڈزاٹھارکھے تھے ریلی مختلف روڈوں سے ہوتاہوا بھاگ شہر کے مین چوک پر جلسہ عام کی شکل اختیار کرگئی شدید گرمی کے باوجود ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں لوگ شامل تھے ۔

جلسہ عام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیاگیا جلسہ عام سے عبدالستار بنگلزئی ،ارباب قادر بخش ایری،سردار عبداللہ خان ابڑو،حاجی محمد الیاس کلواڑ،رئیس اللہ ڈتہ ہانبھی ،سید ارشد شاہ،کامریڈ نوراحمد جاموٹ،محمد رفیق مغیری،مولوی عبدالسلام مندرانی،کامریڈفیاض جاموٹ،حفیظ بلوچ نے خطاب کیا اس موقع پر صدر بازار بھاگ جہانگیر خان بنگلزئی،حفیظ اللہ مغیری،رئیس اللہ بخش کورانی،غلام قادر بلوچ ودیگر زمینداران موجود تھے ۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ ایریگیشن ضلع کچھی کے ایکسین جوکہ مکمل جانبداری کا مظاہرہ کررہے ہیں اپنے سرکاری عہدے کو اپنا ذاتی میراث سمجھ کر استعمال کررہاہے اور اپنے سرکاری عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاکر عوامی مفادات کے برخلاف کام کررہے ہیں محکمہ ایریگیشن ضلع کچھی کے اخباری بیان کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔

محکمہ ایریگیشن ضلع کچھی جوکہ غلط بیانی سے کام لیکر اپنے بالا آفیسران کو گمراہ کررہے ہیں جو اخباری بیان محکمہ ایریگیشن ضلع کچھی کی جانب سے جاری کیاگیا ہے وہ مکمل جھوٹ کا پلندہ ہے اور حقائق کے برعکس ہے حالانکہ جس علاقے کی اسی فیصد آبادی ہوتی ہے ۔

اسکو کوئی حق نہیں کہ وہ زرعی پانی کو مزید روکے محکمہ ایریگیشن کی جانب سے جو بیان جاری کیاگیا جو حوالہ انہوں نے خان آف قلات کے دستور العمل کا دیا ہے وہ کچے گھنڈاجات کے متعلق ہے انہوں نے کہاکہ محکمہ ایریگیشن ضلع کچھی اس وقت مکمل جانبدار ہوکر عوامی مفادات کے برعکس کام کررہاہے ۔

آفیسران اپنے عہدوں کا ناجائز فائدہ اٹھارہے ہیں حالانکہ ان گھنڈا جات کے کمیٹی کے ممبران بھی ہیں اور ان ممبران کو بھی محکمہ ایریگیشن کوئی اہمیت نہیں دے رہاہے کمیٹی کے ممبران نے تحریری طور پر بھی لکھ کر دیاہے کہ بالاناڑی میں اب جو ڈیموں کے دروازے ہیں ان کو بند کرنے نیچے کرنے کا کوئی جواز نہیں۔

دریں اثناء نصیرآباد میں پٹ فیڈر کینال ودیگر ذیلی شاخوں میں زرعی پانی کی چوری کی روک تھام کیلئے آپریشن ایکس ای این پٹ فیڈر کینال کو مہنگا پڑ گیا بااثر زمینداروں نے طاقت کا مظاہرہ دکھاتے ہوئے ایکس ای این کا تبادلہ کرو ادیا ۔

ایری گیشن کے آفیسران میں کھلبلی مچ گئے تحصیل تمبو میں ٹیل میں نصف درجن شاخیں خشک پڑ گئیں کسانوں زمینداوں کو پینے کا پانی نا پید ہوگیا نقل مکانی شروع کردی تفصیلات کے مطابق تحصیل تمبو کے مگسی شاخ بالان شاخ عمرانی شاخ روپا شاخ سمیت دیگر شاخوں کے ٹیل کے کسانوں زمینداروں نے اپنی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے اور قومی شاہراہ کو بھی بلاک کردیا ۔

جس کی روشنی میں ایکس ای این پٹ فیڈر کینال ریاض احمد بلوچ نے ضلعی انتظامیہ کی مشاورت سے نصیرآباد میں پٹ فیڈر کینال ودیگر ذیلی شاخوں میں زرعی پانی کی چوری کی روک تھام کیلئے لگائے گئے ناجائز پائپ واٹر کورسوں کے خلاف آپریشن کیا جا رہا تھا کہ بااثر زمینداروں نے اپنی طاقت کا مظاہرہ دکھاتے ہوئے ایکس ای این پٹ فیڈر کینال کا تبادلہ کرو دیا ۔

اس اقدام سے ایری گیشن کے آفیسران میں کھلبلی مچ اور بااثر زمینداروں کی جانب سے لگائے گئے غیر قانونی پائپوں پر آنکھیں بند کرنا شروع کردی ہیں جس سے تحصیل تمبو میں ٹیل میں نصف درجن شاخیں خشک پڑ گئیں کسانوں زمینداوں کو پینے کا پانی نا پید ہوگیا ہے ۔

بڑے پیمانے پر پانی پینے کے تالاب خشک پڑ چکے ہیں جانوروں کیلئے پانی نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں نے مجبورانقل مکانی شروع کردی ہے ٹیل کے کسانوں زمینداروں نے آپریشن کے دوران ایکس ای این پٹ فیڈر کینال کے تبادلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو کسان دشمن پالیسی قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔