|

وقتِ اشاعت :   July 28 – 2017

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ دیانتدار قیادت کی سرپرستی کسی بھی ملک جماعت یا صوبے میں گڈ گورننس کے قیام میں معاون ثابت ہوتی ہے ۔

بد قسمتی سے پاکستان خصوصاً بلوچستان میں عوامی مینڈیٹ کے قطع نظر برسرِ اقتدار آنے والوں نے لوٹ مار کا بازار گرم کر کے غریبوں کا استحصال کیا دھرتی بلوچستان کے عوامی وسائل کو کک بیکس اور کمیشن کی خاطر کوڑیوں کے دام بیچا پی ٹی آئی پر عزم ہے کہ بلوچستان کے ساحل و، وسائل کو بلوچستان کے عوام کی بہبود کیلئے بروئے کار لا کر وفاق کی محتاجی سے نجات دلائیں گے ۔

وسائل سے مالا مال بلوچستان کے عوام جس کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں یہ ان کا مقدر نہیں بلوچستان کا مقدمہ اسلام آباد کے ایوانوں میں لڑیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر منظور خان کھوسہ، میر نصراللہ رند وڈیرہ عرض محمد عمرانی کی قیادت میں ملنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

اس سے قبل قبائلی رہنماء سردار محراب خان عمرانی نے اپنے رفقاء کے ہمراہ سردار یار محمد رند سے ملاقات کی اور نصیر آباد و جعفر آباد کی سیاسی و مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا سردار رند نے کہا کہ معاشرے کے باشعور طبقات کو کرپٹ عناصر سے نجات کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔

کیونکہ اجتماعی معاشرتی بے حسی اور سیاسی معاملات سے باشعور طبقات کی قطع تعلقی کرپٹ عناصر کی حوصلہ افزائی کا باعث ثابت ہوتی ہے اس لئے کرپٹ نظام میں اصلاح کے لئے باشعور افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا انہوں نیکہا کہ بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال میں نصیر آباد ڈویڑن کلیدی اہمیت کا حامل ہے ۔

لیکن بد قسمتی سے بلوچستان اسمبلی میں اس زون کی اکثریت کے باوجود آواز حق بلند کرنے میں مصلحتوں سے کام لیکر عوام کے استحصالی فیصلوں پر بھی اکثر ارکین اسمبلی خاموشی کا روزہ رکھے ہوئے ہیں کچھی کینال کے منسوخی کے فیصلے پر اکثریتی خاموشی تعجب کا باعث ہے ۔

انہوں نیکہا کہ نصیر آباد جعفر آباد کی سیاسی فضاء انتخابی شیڈول کا اعلان ہوتے ہی تیزی سے تبدیل ہوگی سیاست میں آخری تین منٹ قبل ہونے والے فیصلے بھی بعض اوقات سالوں کی پیشگی حکمت عملی کو ریت کا ٹیلہ ثابت کرتے ہیں ۔

انہوں نیکہا کہ وقت آنے پر سب اپنے اپنے پتے چلتے ہیں اور کامیاب وہی ہوتا ہے جو آخر تک اپنی چال کو پوشیدہ رکھ کر حریف کو اچانک سرپرائز دیتا ہے یم بھی عین وقت پر عوام کو سرپرائز دیں گے ۔

انہوں نیکہا کہ سیاسی میدان میں ڈرامائی تبدیلی ہی اصل سیاست اور حتمی فیصلہ ثابت ہو گی بعض لوگوں کی طرح ہم پیشگی چرچا کرنے کے بجائے عین وقت پر فیصلہ کن کردار ادا کریں گے سردار یار محمد رند نے سردار محراب خان عمرانی اور ان کے رفقاء کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔