|

وقتِ اشاعت :   July 29 – 2017

اسلام آباد: سپریم کورٹ کی جانب سے نااہلی کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی بطور ممبر قومی اسمبلی ختم ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان ،شیخ رشید احمد اور سراج الحق کی جانب سے میاں نواز شریف کے خلاف دائر پٹیشن پر سپریم کورٹ کی جانب سے میاں نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ آنے کے بعد الیکشن کمیشن نے میاں نواز شریف کی لاہور کے حلقے این اے120سے بطور ممبر قومی اسمبلی رکنیت ختم کر دی ہے ۔

اور اس سلسلے میں 22مئی 2013کو ان کی کامیابی کے سلسلے میں جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کو معطل کر دیا ہے ،چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا کی غیر موجودگی میں سابق وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی بطور قومی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کے معاملے نے الیکشن کمیشن کے ممبران کو آزمائش سے دوچار کر دیا ۔

قائمقام چیف الیکشن کمشنر عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں چار رکنی بنچ طویل مشاورت کے بعد نواز شریف کی رکنیت خاتمے کا نوٹیفیکیشن جاری کر سکے جمعہ کے روز سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کو آئین کے آرٹیکل 62اور 63کے تحت نااہلی کے بعد الیکشن کمیشن کو میاں نواز شریف کی رکنیت خاتمے کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ۔

جس نے قائمقام چیف الیکشن کمشنر عبدالغفار سومرو سمیت الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران کو آزمائش سے دوچار کر دیا تھا واضح رہے کہ سندھ سے الیکشن کمشنر کے ممبر عبدالغفار سومرو نے 27جولائی کو چیف الیکشن کمشنر کی بیرون ملک روانگی کے بعد قائمقام چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا ۔

میاں نواز شریف کے بار ے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن میں ممبران اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران کے مابین طویل مشاورت کی گئی اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے تقریباً5 گھنٹوں کے بعد میاں نوا ز شریف کی رکنیت خاتمے کا نوٹیفیکشن جاری کیا جا سکا ۔