اسلام آباد: عدالت نے ریکارڈ ٹیمپرنگ کیس میں ایس ای سی پی کے سابق چیرمین ظفر حجازی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے ظفر حجازی کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد سینئرسول جج محمد شبیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت کے روبرو تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ تفتیشی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ملزم کو جسمانی ضمانت پرایف آئی کی تحویل میں دیا جائے جب کہ ظفر حجازی کے وکلا نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔
عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد ظفرحجازی کو 14 روزکے جسمانی ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کو حکم دیا کہ ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر ملزم کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ ظفرحجازی پرالزام ہے کہ انہوں نے اپنے ماتحت افسران پردباؤ ڈال کرشریف برادران کی چوہدری شوگر مل کے خلاف تحقیقات کے ریکارڈ میں ٹیمرنگ کرائی۔