اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نوازشریف نے نئے قائد ایوان کے لئے پارلیمانی پارٹی کااجلاس آج ہوگا۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے نئے وزیراعظم کے لئے اپنا وزن میاں شہباز شریف کے پلڑے میں ڈال دیا ہے، عبوری وزیراعظم کے لیے شاہد خاقان عباسی کا نام زیر غور ہے جب کہ مزید مشاورت کے لیے ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کااجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف کو نواز شریف کی نااہلی سے خالی ہونے والی نشست این اے 120 سے الیکشن لڑوا کر منتخب کرایا جائے گا جب کہ وزیراعلی پنجاب کے عہدے کی سپردگی کے حوالے سے بھی اجلاس میں غور کیاجائے گا۔
عدالت سے سزا یافتہ کوئی شخص پارٹی عہدہ نہیں رکھ سکتا اس لیے نواز شریف وزارت عظمیٰ کے ساتھ پارٹی کی صدارت سے بھی فارغ ہوگئے ہیں، مسلم لیگ ن کی صدارت کے لئے جلد پارٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس طلب کیا جائےگا۔ پارٹی کے جنرل کونسل اجلاس میں شہباز شریف کو نیا صدر نامزد کردیا جائے گا۔ شہباز شریف کی بطور پارٹی صدر تقرری کے بعد الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا جائے گا۔
دوسری جانب مشاورتی اجلاس میں نوازشریف کو بذریعہ جہاز لاہور جانے کی تجویز دی گئی جہاں لاہور ایئرپورٹ آمد پر لاکھوں لوگ نواز شریف کااستقبال کریں گے۔