|

وقتِ اشاعت :   July 29 – 2017

بیجنگ: چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لُو کانگ نے گزشتہ روز سپریم کورٹ سے وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی پر سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کا ’’اندرونی معاملہ‘‘ ہے اور اس فیصلے سے دیرینہ پاک چین تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

لُو کانگ کا کہنا تھا کہ ایک دوست پڑوسی کی حیثیت سے چین کو امید ہے کہ پاکستان کی تمام جماعتیں اور تمام طبقات اپنے قومی و ملکی مفادات کی درست ترجیحات کے تعین، اندرونی معاملات کو موزوں طور پر سنبھالنے، اتحاد و استحکام برقرار رکھنے، اور معاشی و معاشرتی ترقی پر توجہ رکھنے کے قابل ہیں۔

چینی وزارتِ خارجہ کا مؤقف دیتے ہوئے لُو کانگ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا منصوبہ اس اندرونی سیاسی تبدیلی سے متاثر نہیں ہوگا کیونکہ پاک چین دوستی سدابہار اور ہر دور کی آزمائشوں میں ثابت شدہ ہے۔ پاکستان کے ساتھ مل کر ’’ون بیلٹ ون روڈ‘‘ منصوبے پر کام جاری رکھنے کےلیے چین بالکل تیار ہے۔

واضح رہے کہ چین وہ پہلا ملک ہے جس نے پاکستان کی اندرونی سیاسی تبدیلی پر سرکاری ردِعمل جاری کیا ہے۔