|

وقتِ اشاعت :   July 30 – 2017

کوئٹہ:کوئٹہ کے علاقے کلی بڑو میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بلوچستان نیشنل پارٹی کا مقامی رہنماء جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ رات تقریباً آٹھ بجے کوئٹہ کے تھانہ کیچی بیگ کی حدود میں کلی بڑو مری چوک پر پراپرٹی ڈیلر کی دکان کے باہر پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35سالہ جمال الدین ناصر ولد محمد عالم شاہوانی سے شدید زخمی ہوا اور ہسپتال پہنچانے سے پہلے ہی راستے میں دم توڑ گیا۔

فائرنگ کی زد میں آکر محمد بخش ولد میوہ خان قوم شیخ سکنہ سریاب روڈ بھی زخمی ہوا ۔

عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ تین نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کی جو واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ لاش اور زخمی کو سول ہسپتال کوئٹہ پہنچایا گیا۔

ڈاکٹر نے بتایا کہ جمال الدین ناصر شاہوانی کو تین گولیاں سینے، دو دونوں بازوؤں اور ایک گولی پیٹ میں لگی ۔

جبکہ زخمی کو دو گولیاں ٹانگوں میں لگی ہیں ۔ مقتول جمال الدین ناصر بلوچستان نیشنل پارٹی کا مقامی رہنماء اور پارٹی کا سابق مرکزی کونسلر بتایا جاتا ہے ۔

اطلاع ملنے پر بی این پی کے مرکزی رہنماء آغا حسن بلوچ، اختر حسین لانگو، غلام نبی مری اور دیگر مرکزی و صوبائی رہنماء اور کارکنوں کی بڑی تعداد ہسپتال پہنچے ۔

بی این پی کے رہنماء آغا حسن بلوچ نے واقعہ کو ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حبیب جالب، نوید دہوار سمیت بی این پی کے دیگر رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا تسلسل ہے۔

بی این پی اپنی قومی حق حاکمیت کی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور قربانیاں دیتی رہے گی۔ ہماری قربانیاں رنگ لائیں گی ۔ یہ ہمیں جمہوری جدوجہدسے ہٹانے کی سازش ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن وامان کی خراب صورتحال حکومت کی ناکامی ہے ، اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود ٹارگٹ کلنگ کے واقعات جاری ہیں۔