کوئٹہ: سیکریٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کی طرف سے صحت عامہ کے جاری پروگرام کی کامیابی صرف اور صرف ڈاکٹر حضرات، پیرامیڈیکل سٹاف وسروسز کی بہتر انداز میں خدمات کے باعث ہی ممکنہ نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔
یہ بات انہوں نے عالمی ہیپاٹائٹس ڈے کے موقع پر صوبائی ہیپا ٹائیٹس پروگرام بلوچستان کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مسعود قادر نوشیروانی، صوبائی ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کے صوبائی سربراہ ڈاکٹر اسماعیل میروانی، شیخ زید ہسپتال کوئٹہ کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر امیرگچکی کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام سول سوسائٹی کے نمائندہ ڈاکٹرز ودیگر مکتبہ فکر کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری صحت نے ہیپاٹائٹس پروگرام بلوچستان کی مجموعی کارکردگی کی تعریف کی اور کہاکہ صوبائی پروگرام کی بہتر انداز میں کارکردگی کی بدولت صوبے بھر کے یرقان کے مریضوں کو مہنگی ادویات مفت مہیا کی جارہی ہیں جبکہ مریضوں کو مہنگے مفت ٹیسٹ اور اسکریننگ کی سہولیات بھی دی جارہی ہیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مسعود قادر نوشیروانی نے اجلاس کے شرکاء کو یرقان کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور انہیں بتایا کہ یرقان کی کئی اقسام ہیں جبکہ بلوچستان میں اس وقت ہیپاٹائٹس (سی) کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے جبکہ یرقان بڑھنے کی وجوہات میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی، خون کے انتقال کے وقت استعمال شدہ سرنج کا استعمال اور جسم پر نام یا تصویر کندہ کرنے والے آلات سے پھیلتا ہے۔
اس کے علاوہ استعمال شدہ طبی آلات اور اور غیر مستند دندان ساز، استعمال شدہ شیونگ استرے، ٹوتھ برش اور ناخن تراشنے کے آلے وغیرہ سے بھی یہ مرض پھیلتا ہے جبکہ دیگر میں گردے صاف کرنے وال غیر محفوظ مشین ڈائیلائزیشن سے بھی مرض کا خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ جبکہ احتیاطی تدابیر اپنا کر ہی ہم اس موذی مرض کو قابو میں رکھ سکتے ہیں۔
تقریب سے صوبائی سربراہ ہیپاٹائٹس پروگرام ڈاکٹر اسماعیل میروانی نے بتایا کہ صوبے کے ساتھ اضلاع کو عالمی ادارہ صحت نے سنگین قراردیا ہے جس میں ضلع نصیرآباد ، موسیٰ خیل بارکھان، ژوب، جعفر آباد، سبی اور کوہلو شامل ہیں جہاں پر یرقان سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یرقان کی تشخیص واسکریننگ سے لے کر اس کی ادویات کی فراہمی تک حکومت سالانہ خطیر رقم خرچ کررہی ہے جبکہ آنے والے مہینوں میں صوبے کے 30اضلاع میں اس پروگرام کے تحت مفت اسکریننگ اور ویکسی نیشن شروع کی جارہی ہے جبکہ پہلے مرحلے میں تقریباً پانچ لاکھ لوگوں کی اسکریننگ کی جائے گی جبکہ دیگر کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کے ٹیسٹ کروا کر ویکسینیشن ضرور کروائیں تاکہ اس موذی مرض سے بچاجاسکے۔ تقریب سے شیخ زید ہسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر امیر گچکی، ڈاکٹر نصیر، قیوم شاہوانی نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔ بعد ازاں سیکریٹری صحت نے شیخ زید ہسپتال میں ہیپاٹائٹس سینٹر کا بھی افتتاح کیا۔