|

وقتِ اشاعت :   July 31 – 2017

 اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی کا نوٹی فکیشن ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔

 شہری شاہد اورکزئی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق 28جولائی کو جاری کئے گئے الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کو چیلنج کیا ہے اور اس درخواست میں سیکرٹری الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ کسی فریق نے ایف زیڈ ای کمپنی کی تنخواہ کی بنیاد پر نواز شریف کی ناہلی کی درخواست نہیں کی تھی اور آئین کے تحت سپریم کورٹ آرٹیکل 184/3 کی درخواست میں ایسا فیصلہ جاری کرنے کی مجاز نہیں جس کی استدعا نہ کی گئی ہو۔ آئین ملک کے وزیراعظم کی برطرفی کی حمایت نہیں کرتا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر نواز شریف کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا جو عوامی نمائندگی ایکٹ کے تقاضوں کے مطابق نہیں، اس لیے الیکشن کمیشن کا اعلامیہ معطل اور انتخابی عمل روکا جائے۔

واضح رہے کہ 28 جولائی کو سپریم کورٹ نے نواز شریف کو نااہل قرار دیا تھا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے بھی عدالتی فیصلے کی رو سے نواز شریف کی نااہلی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا تھا۔