|

وقتِ اشاعت :   August 1 – 2017

 واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن اینتھونی اسکارموچی کو 10 روز بعد ہی ان کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حال ہی میں وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے والے جان کیلے نے آتے ہی بڑے پیمانے پر تبدیلی کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن اینتھونی اسکارموچی کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا۔

نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق جان کیلے نے وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف کی ذمہ داریاں سنبھالتے ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے اسکارموچی کو عہدے سے ہٹانے کی درخواست کی تھی۔

امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسکار موچی نے اپنا استعفیٰ جان کیلے کو پیش کیا اور ان سے درخواست کی کہ انہیں دوبارہ سے امریکا کے ایکسپورٹ امپورٹ بینک کا چیف اسٹریٹجی آفیسر تعینات کر دیا جائے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اینتھونی اسکارموچی نے وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف رینس پری بس کو ذہنی بیماری میں مبتلا پاگل شخص قرار دیتے ہوئے ان پر صحافیوں کو معلومات افشاں کرنے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔ جس پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسی روز ایکشن لیتے ہوئے انہیں عہدے سے ہٹانے کا اعلان کر دیا تھا۔

اس کے علاوہ وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری شون اسپائسر نے بھی چند روز قبل ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اسکار موچی کو ڈائریکٹر کمیونیکیشن وائٹ ہاؤس تعینات کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔