ہری پور: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ قرآن پر ہاتھ رکھ کر کہتی ہوں گلالئی سے کوئی تعلق نہیں۔
ہری پور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کے کہتی ہوں کہ میرا پی ٹی آئی کی باغی رکن اسمبلی عائشہ گلالئی سے کوئی تعلق نہیں اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما امیر مقام سے بھی کوئی رابطہ ہے نہ کبھی ملی ہوں، میں کرسی کے پیچھے بھاگ رہی ہوں نہ کوئی بیک ڈور سیاسی میٹنگ ہو رہی ہے۔
ریحام خان کا کہنا تھا کہ میں خان ہوں، پیٹھ پیچھے وار نہیں کروں گی، اپنی ناکام سیاست کو بچانے کے لیے میرا نام استعمال نہ کیا جائے، ٹی وی اینکرز اشتعال انگیزی پھیلا کر قوم کو تقسیم کر رہے ہیں۔
میرا تعلق دو سال قبل اس انسان سے ختم ہو گیا جس سے اب جوڑا جا رہا ہے، صحافت کو متنازعہ بنا کر صحافت کی دھجیاں اڑا دی گئی ہیں، میر شکیل الرحمان نے اب تک مجھے نوکری کی آفر نہیں کی ، اگر کوئی نوکری کی آفر کرے گا تو اسکی انویسٹی گیشن شروع ہوجائے گی۔
ریحام خان نے مزید کہا کہ میرے انٹرویوز نہیں چلائے جارہے اور ٹی وی پر کوریج روک دی گئی، دن رات عوام کی محرومیوں کے خاتمے کی جدوجہد کر رہی ہوں۔