کراچی: گارڈن جیلانی مسجد کے قریب سلنڈر لیک ہونے کے باعث مسافر وین میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
کراچی کے علاقے گارڈن جیلانی مسجد کے قریب لسبیلہ سے ہاکس بے جانے والی مسافر وین میں گیس سلنڈر لیک ہونے سے وین میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں موقع پر ایک ہی خاندان کے 6 افراد جھلس کرجاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ محمد سلیم، اہلیہ 40 سالہ نیلوفر، دو بیٹے 2 سالہ عبدالہادی اور14 سالہ شہریار، 45 سالہ بینش اوران کی بیٹی 14 سالہ مہوش شامل ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق البیلہ چوک کے رہائشی دو خاندان پکنک منانے کی غرض سے ہاکس بے جارہے تھے کہ گارڈن کے مقام پر وین میں موجود گیس سلنڈر اچانک لیک ہونے سے وین میں آگ لگی جس کے فوراً بعد وین ڈرائیور اور آگے بیٹھے دو بچوں نے گاڑی سے اتر کر اپنی جان بچائی لیکن پیچھے بیٹھے 6 افراد باہر نہ نکل سکے اور بری طرح جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جن کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وین میں موجود دونوں سلنڈر صحیح حالت میں ہیں، ممکنہ طور پر وین میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہو جس کے لیے تحقیقات کا آغازکردیا گیا ہے۔