اسلام آباد: پاک فضائیہ کی جانب سے منعقدہ ائیرشو میں آرمی ایوی ایشن اور ترکی و سعودی فضائیہ نے بھی شاندار مہارت کا مظاہرہ کیا۔
ملک بھر میں 70 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے تحت منایا جارہا ہے۔ ملک کے تمام علاقوں، شہروں، قصبوں، گاؤں اور دیہاتوں میں قومی پرچم آویزاں ہیں اور پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیہ تقاریب کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے۔
اس موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایف 9 پارک کی فضاؤں میں پاک فضائیہ کی جانب سے ائیرشو کا انعقاد کیا گیا۔
ائیرشو کی تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیردفاع خرم دستگیر اور ائیرچیف مارشل سہیل امان سمیت سفارتکار، اعلیٰ سول اورعسکری حکام بھی شریک ہیں جب کہ ترکی اور سعودی عرب کی فضائیہ نے بھی خصوصی طور شرکت کی۔
پاک فضائیہ کے میراج طیاروں نے اپنی عسکری خدمات کے 50 سال مکمل ہونے پر فضا میں آزادی کے رنگ بکھیرے اور شاندار مہارت کا مظاہرہ کیا جب کہ فضائی مظاہرے میں آرمی ایوی ایشن کے دستے نے بھی شرکت کی اور صدر مملکت کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے سلامی بھی پیش کی، فضائی مظاہرے میں ایف سولہ، جے ایف 17 اور فضائی بیڑے سمیت دیگر طیاروں نے بھی حصہ لیا۔
فضائی تقریب میں ترک فضائیہ کے ایف 16 طیاروں نے شاندار فضائی کرتب دکھا کر پاکستانی عوام کا لہو گرمایا جب کہ سعودی ہاکس نے بھی فضائی مہارتوں نے عوام کے دل جیت لئے۔