|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2017

دالبندین : پاک ایران سرحدی شہر تفتان میں واقع تجارتی گیٹ وے زیرو پوائنٹ کی مسلسل تین ہفتوں سے بندش، سینکڑوں مزدور اپنے گھروں کو لوٹنے سے شہر کی رونقیں ماند پڑ گئیں، تجاتی سرگرمیاں معطل ۔

تفصیلات کے مطابق ایرانی حکام نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر تین ہفتے قبل سرحدی شہر تفتان میں واقع پاک ایران تجارتی گیٹ وے زیرو پوائنٹ کو بند کردیا ہے، جس کی وجہ سے زیرو پوائنٹ پرروزگار سے وابستہ سینکڑوں مزدور واپس اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گئے، جس کی وجہ سے تفتان شہر کی سڑکیں بازار کے مارکیٹیں اور تجارتی مراکز ویران ہو نے لگی۔

دوسری جانب شہر میں اشیاء خوردنوش کی قلت بھی پیدا ہو گئی ، مزدوروں کے علاوہ وہاں پر تجارت کرنے والے افراد اور دکانداروں نے بھی اپنی اپنی دکانوں اور مارکیٹوں کو تالے لگا دیئے ، زیرو پوائنٹ کی اکثر وبیشتر بندش سے کم وبیش پانچ سے چھ ہزار لوگوں کے بیروزگار ہونے کا اندیشہ ہے، جن میں محنت مزدوری کرنے والے لوگوں کے علاوہ گیراج ، ہوٹل دکان، نانبائی ،سبزی فروش ، دکان مالکان اور ٹرانسپورٹرز بھی بری طرح سے متاثرہورہے ہیں، مگر نوٹسل ینے والا کوئی نہیں۔

ضلع چاغی میں پہلے سے بڑھتی ہوئی بیروزگاری ایک لمحہ فکریہ بن چکی ہے، مگر رہی سہی کسر زیرو پوائنٹ کی مسلسل بندش نے پوری کر دی ، اگر ایرانی حکام نے زیرواپوائنٹ کو جلد نہ کھولا تو سرحدی شہر میں باقی ماندہ دکاندار اور تاجر ہجرت پر مجبور ہو جائیں گے اور نیو ٹاؤن شپ تفتان اور سرحدی شہر کھنڈرات میں تبدیل ہو جائے گا۔