کوئٹہ : صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 4اضلاع پشین قلعہ عبداللہ اور مستونگ میں پولیو مہم شروع ہوگئی،ایمر جنسی آپریشن سینٹر کے کو آرڈینیٹر سید فیصل احمد نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پولیو مہم صوبے کے چار اضلاع کی 127یونین کونسلز میں 8 لاکھ کے قریب بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
مہم میں مجموعی طورپر 3824ٹیمیں شامل ہونگی جس میں 3239موبائل ٹیمیں ،371 ٹرانزٹ پوائنٹس اور 214فکسڈ سائٹس پر رضا کار 5سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائینگے ،سید فیصل احمد کے مطابق مہم کے حوالے سے سیکورٹی کے انتظامات کرلئے گئے ہیں ۔مہم کے دوران تمام عملے کو فول پروف سیکورٹی دی گئی ہے واضح رہے کہ سال 2017میں پاکستان میں پولیو کے تین کیس رپورٹ ہو ئے ہیں۔
سید فیصل احمد نے کہاہے پولیو وائرس ہمارے ماحول میں موجود ہے اوران بچوں کو اپنا نشانہ بناسکتا ہے جو پولیوسے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم رہ جاتے ہیں۔
لہذاٰ یہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ پولیو سے بچاؤ کی مہم کے دوران پولیو ورکروں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو ویکسین ضرور پلوائیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی جانب سے پولیو مہم میں معاونت اور اس ضمن میں اقدامات اطمینان بخش ہیں اور حکومت کی جانب سے تمام ضروری سہولیات فراہم کردی گئی ہیں ۔
سید فیصل احمد نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی میں والدین کا کردار اتنہائی اہم ہے ۔اس کے علاوہ معاشرے کے تمام طبقات بلخصوص علماء کرام اور سول سوسائٹی کا کردار اہم ہے مہم میں بلدیاتی نمائندوں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں ۔سید فیصل احمد نے کہاکہ مہم کی کامیابی کیلئے معاشرے کے تمام طبقوں سمیت میڈیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مہم کی کامیابی میں کردار ادا کریں ۔