اسلام آباد: وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قربانیوں کو عالمی برادری تسلیم کرتی ہے جب کہ پاکستان میں کسی دہشت گرد گروہ کا منظم نیٹ ورک موجود نہیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں امریکا کی جنوبی ایشیا کے حوالے سے پالیسی پر بریفنگ دیتے ہوئے وزیرخارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امریکی سفیر نے ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسی سے متعلق بریف کیا تاہم پاکستان نے اس حوالے سے امریکا کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے جب کہ امریکی سفیر کو بتایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 70 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قربانیوں کو عالمی برادری تسلیم کرتی ہے جب کہ پاکستان میں کسی دہشت گرد گروہ کا منظم نیٹ ورک موجود نہیں، دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کاروائی کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 100 ارب ڈالر سے زائد کے وسائل استعمال ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے بھارت کا کردار ہمیشہ منفی رہا ہے۔