الریاض: سعودی محکمہ ڈاک نے اس سال حج کے موقعے پر خصوصی یادگاری ٹکٹ جاری کردیا ہے جس کے درمیان میں خانہ کعبہ کی تصویر موجود ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری ویب سائٹ ’’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘‘ کے مطابق اس یادگاری ٹکٹ پر عربی زبان میں نمایاں عبارت درج ہے جس کا اردو ترجمہ ’’حج ایک عبادت اور تہذیبی رویہ‘‘ ہے۔
علاوہ ازیں اسی یاد گاری ٹکٹ پر خانہ کعبہ کی مرکزی تصویر کے ساتھ ’’لبیک اللّھم لبیک‘‘ کے الفاظ اور دائیں جانب سعودی حکومت کی امتیازی عبارت (سلوگن) چھاپے گئے ہیں۔
سعودی محکمہ ڈاک کے سربراہ ڈاکٹر اسامہ بن محمد صالح الطف اس بارے میں کہتے ہیں کہ یادگاری ٹکٹ کے اجراء کا مقصد اہم مواقع پر قومی کوششوں کو نمایاں کرنا اور انہیں مربوط بنانا ہے جبکہ ڈاک ٹکٹ بھی مختلف ملکوں اور اقوام کے درمیان رابطے کا ایک ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا، ’’ڈاک کے ٹکٹ سے آپ اپنا پیغام دوسری تہذیبوں اور اقوام تک وسیع پیمانے پر پہنچاتے ہیں۔‘‘