اسلام آباد: امریکی ذرائع ابلاغ اور تھینک ٹینکس نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششوں کے نتیجے میں افغانستان کی صورتحال بہت خراب ہوسکتی ہے۔
امریکی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں صدر ٹرمپ کی نئی افغان پالیسی کے حوالے سے بحث جاری ہے تاہم صدر ٹرمپ کی جانب سے پاکستان کی امداد کے خاتمے سے متعلق دھمکی پراخبار نیویارک ٹائمز نے اپنے ایک آرٹیکل میں لکھا ہے کہ امریکی پالیسی سازوں نے ماضی میں بھی اس طرح کی تجاویز دیں اور پھر خود ہی انہیں مسترد کیا۔
اخبار نے لکھا ہے کہ چین کی صورت میں پاکستان کا ایک طاقتور حلیف اور اتحادی موجود ہے اور امریکی امداد کی بندش سے چین کو اس خلاء سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا۔ پاکستان کے خلاف اقدامات سے افغانستان کی صورتحال کہیں زیادہ خراب ہو سکتی ہے۔
اخبار میں شائع ہونیوالے ایک اورمضمون میں صدر ٹرمپ کی جانب سے افغان معاملات میں بھارتی کردارکی مخالفت کی گئی ہے، کہا گیا ہے کہ اس پر پاکستان کی طرف سے سخت ردعمل کا اظہار سامنے آ سکتا ہے۔
دریں اثنا معروف امریکی تھینک ٹینک یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کو اہم شراکت دار ملک سمجھتا ہے۔ ویب سائٹ پر نشر اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ امریکی انتظامیہ کے کئی سینئر اراکین سمجھتے ہیں کہ پاکستان امریکا کا اہم اتحادی اور شراکت دار ملک ہے اوردونوں ممالک کے دشمن اور مفادات یکساں ہیں۔ ان اراکین نے بتایاکہ امریکا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتا ہے۔ امریکا پاکستان کے ساتھ سنجیدہ اور بردباری پر مبنی تعلقات کے قیام کی خواہش رکھتا ہے اور اس ہدف کے حصول کیلیے کام جاری رہے گا۔