|

وقتِ اشاعت :   August 30 – 2017

کوئٹہ : محکمہ موسمیات نے بدھ سے جمعہ تک بلوچستان کے قلات، کوئٹہ، سبی، ژوب اور نصیر آباد ڈویژنز میں بارش کی پیش گوئی کردی پی ڈی ایم اے بلوچستان نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر صوبے میں ایمرجنسی نافذ کردی ۔

ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے عطا اللہ کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے دوران بلوچستان کے پانچ ڈویژنز میں بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس سے کچھ علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے ،اس صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے صوبے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے میں کنڑول روم قائم کردیا ہے ۔

صوبے کے پانچوں ڈویژن میں متعلقہ عملہ کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں یہ عملہ عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران بھی اپنی جائے تعیناتی پر موجود رہے گا ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارشوں کے پیش نظر کچھ اضلاع میں امدادی سامان بھی روانہ کردیا گیا ہے ۔