|

وقتِ اشاعت :   August 31 – 2017

کو ئٹہ: کمشنر کوئٹہ ڈویژن امجد علی خان نے کہا ہے کہ اضلاع میں عوامی اہمیت کے حامل جاری ترقیاتی منصوبوں کو معیاری بنیاد پر جلد مکمل کیا جائے۔

تاکہ عوام شہری منصوبوں سے مفید ہوسکیں۔جبکہ امن وامان کی بہتری کیلئے موجود وسائل کو بروے کار لاتے ہوئے عوام دشمن عناصر کے خلاف جاری مہم کو مزید سخت کرتے ہوئے کارروائی کی جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزیہاں کمشنر آفس میں امن وامان اور ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرکوئٹہ فرخ عتیق،ڈپٹی کمشنرپشین،بالاچ عزیز،ڈپٹی کمشنرقلعہ عبداللہ قیصر خان ،ڈپٹی کمشنرنوشکی خدائے نظر بڑیچ،ڈپٹی کمشنردالبندین شہک بلوچ کے علاوہ ڈائریکٹر بلدیات اور اسسٹنٹ کمشنر( ریونیو )نجیب اللہ بلوچ بھی موجود تھے ۔

کمشنر کوئٹہ نے کہا کہ امن وامان کی بہتری کیلئے جاری مہم کے دوران سماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں کو مزیدموثر کیا جائے۔جبکہ اشتہاری اور مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لئے مو ثر اقداما ت کئے جائیں ۔

انہوں نے کہاکہ عوام دشمن عناصر کو ان کی کمین گاہوں سے نکال کر انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جا ئے۔انہوں نے ہدایت کی کہ مختلف اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کو معیاری اور فوری تکمیل کیلئے موجودہ وسائل کو بروئے کار لایاجائے تاکہ عوام کو ان منصو بوں کے ثمرات جلد پہنچ سکیں ۔اور اجتماعی نوعیت کے منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنروں نے اپنے اپنے اضلاع میں امن وامان اور جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے تفصیلاًآگاہ کیا۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے آئندہ اجلاس میں امن وامان اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مثبت پشرفت پیش کی جائے۔