|

وقتِ اشاعت :   September 4 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے پنجگور میں ایف سی کے کانوائے پر حملے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے حملے میں ایف سی کے اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم کااظہارکیا ہے ۔

اپنے ایک تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کو دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوءْے کہا ہے کہ امن دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بنارہے ہیں تاہم دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا جائے گیا دہشت گرد فورسز کی کامیاب کارروائیوں سے بوکھلاہٹ کاشکار ہوکر چھپ کر حملے کررہے ہیں تاہم بچے کھچے دہشت گردوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مادر وطن کے تحفظ کیلئے ایف سی اوردیگر سیکورٹی ادارے جانوں کے نذرانے پیش کرکے نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں انکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور جلد ملک و صوبے میں مکمل امن قائم ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کوسلام پیش کرتے ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ وزیراعلیٰ نے شہداء کے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا کرے۔