|

وقتِ اشاعت :   September 5 – 2017

 اسلام آباد: نیب نے شریف خاندان کے اثاثے منجمد کرنے اور ای سی ایل پر نام ڈالنے کی سفارش مسترد کردی ہے۔

 احتساب بیورو (نیب) نے نوازشریف اور ان کے بچوں کے خلاف عزیزیہ مل اور ایون فیلڈ پراپرٹی کے ریفرنسز ہیڈ کوارٹر بجھوائے تھے جس میں سفارش کی گئی تھی کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں حسن، حسین اور مریم نواز کے تمام اثاثے منجمد کئے جائیں۔ اس سے 15 روز قبل نیب لاہور نے شریف خاندان کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کی بھی سفارش کی تھی۔  نیب لاہور نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی بھی تمام منقولہ و غیرمنقولہ جائیدادیں ضبط کرنے اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی بھی سفارش کی تھی جب کہ نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں پر ریفرنس بناتے ہوئے وفاقی وزیرخزانہ کے خلاف کارروائی کی استدعا کی تھی۔

تاہم عید کے بعد ہونے والے اجلاس میں نیب نے نوازشریف، حسن، حسین اورمریم نواز کے نام ای سی ایل پر ڈالنے  اور اثاثے منجمد کرنے کی سفارش مسترد کردی ہے جب کہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے اور اثاثے منجمد کرکے کارروائی کی استدعا کو مسترد کردیا گیا ہے۔  نیب ہیڈ کوارٹرز نے ڈی جی نیب لاہور میجر ریٹائرڈ شہزاد سلیم کو خط بھیج دیاہے۔