اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے وزارت اطلاعات اور اس کے ماتحت اداروں کو ہدایت کی ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کے حوالے سے منفی پروپیگنڈے کو زائل کیا جائے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے وزارت اطلاعات کی کارکردگی اور اہداف سے متعلق بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم شاہد خاقان نے الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا جبکہ اجلاس میں پاکستان ٹیلی وژن، فلم اور براڈ کاسٹنگ پالیسی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات کے ماتحت اداروں کو مزید ذمہ دار اورعوامی خدمت کا پابند بنایا جائے، پاکستان سے متعلق عالمی سطح پر منفی پروپیگنڈے کو زائل کیا جائے اور پاکستان کے سافٹ امیج کو اجاگر کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ معلومات اور اطلاعات کی فراہمی کے لیے جدید طریقہ کار اپنایا جائے۔