|

وقتِ اشاعت :   September 7 – 2017

دمشق: اسرائیل نے شام کے فوجی اڈے پر حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں دو شامی فوجی ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شامی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ لبنان کی سرحد سے متصل جنوب مغربی علاقے مصیاف کے قریب اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے نقصان پہنچا۔ شامی فوجی حکام نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ میزائلز لبنان کی فضائی حدود سے رات 2 بج کر 42 منٹ پر داغے گئے۔

اس سلسلے میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے کوئی بیان جاری نہیں کیا جبکہ شامی مبصر تنظیم برائے انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ جس مقام پر حملے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے وہ سائنٹیفک ریسرچ فیسیلٹی اور شارٹ اینڈ میڈیم رینج میزائل ڈپو ہے۔ اسرائیل کے سابق قومی سلامتی مشیر یاکوف امیدرور کا کہنا ہے کہ یہ مقام شامی حکومت کے ملٹری ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر ہے جہاں اب میزائل تیار کیے جاتے ہیں جبکہ ماضی میں کیمیائی ہتھیار تیار کیے جاتے تھے۔

شامی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیل شدت پسند تنظیم داعش کے پست ہوتے ہوئے حوصلوں کو بلند کرنے کے لیے اس طرح کے حربے استعمال کررہا ہے تاہم اس طرح کے اشتعال انگیز اقدامات کی وجہ سے خطے کی سلامتی و استحکام کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔