|

وقتِ اشاعت :   September 8 – 2017

میکسیکوسٹی: میکسیکو کے جنوب میں 8.1 شدت کے زلزلے میں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں ۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق میکسیکو کے جنوبی ساحلوں کے قریب زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے ہیں اور امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 8.1 ریکارڈ کی گئی ہے۔

میکسیکن حکام کے مطابق زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ زلزلے کے مرکز سے 1 ہزار کلومیٹر دور واقع دارالحکومت میکسیکو سٹی کے مرکزی ہوائی اڈے کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور عوام خوف کے مارے گھروں سے باہر نکل آئے اور متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے جب کہ جنوبی ریاست چیاپاس میں اب تک 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق بھی ہو چکی ہے۔

پیسیفک سونامی مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز میکسیکو کی جنوبی ریاست چیاپاس کے علاقے تپاچولا سے 165 کلومیٹرجنوب مغرب تھا جب کہ زیر زمین اس کی گہرائی 70 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ پیسیفک سونامی مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی وجہ سے سونامی کی لہریں پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔

امریکہ کے سونامی وارننگ سسٹم نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے باعث وسطی امریکہ کے کئی ممالک کے بحرالکاہل سے متصل ساحلی علاقوں سے بلند لہروں کے ٹکرانے کا خدشہ ہے۔ اور زلزلے کے باعث جنم لینے والی بلند سمندری لہریں گوئٹے مالا، ایل سلواڈور، کوسٹا ریکا، نکارا گوا، پاناما اور ہونڈوراس کے ساحلوں سے ٹکراسکتی ہیں۔