کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ میانمار میں مسلمانوں پر اور سندھ میں مہاجروں سے زیادتی کی جارہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ برما کے حالات پر ہم نے سخت موقف اور پیغام بھیجا ہے، ہم نے عالمی اداروں سے کہا کہ وہ مداخلت کرکے میانمار کے حالات پر قابو پائیں، ہم نے سینیٹ، قومی اور سندھ اسمبلی میں برما کے حوالے سے قراد داد پیش کی ہیں، ہمیں برما کے ساتھ سفارتی تعلقات پربھی نظرثانی کرنا چاہیے، میانمار میں مسلمانوں اور سندھ میں مہاجروں کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔
ایم کیو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ 22 اگست 2016 کے واقعات آپ کے سامنے ہیں، مجھ سمیت سینکڑوں نامعلوم افراد کے خلاف ایف ائی آر درج کی گئی تھیں، میری اورعامرخان کی ضمانتوں میں توثیق ہوگئی ہے، عدالتیں خوش اسلوبی کے ساتھ کام کر رہی ہیں، جب کیس کی سماعت آگے بڑھے گی تو ہمارے موقف کی بھی حمایت ہوگئی اور جس دن یہ واقعہ ہوا تھا اسی دن ہم نے ایو کیو ایم لندن سے اظہارلاتعلقی کر دیا تھا۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیں دہشت گردوں کے رحم و کرم پرچھوڑا ہے تاکہ ہمارے ساتھ کچھ برا اور پیپلز پارٹی والوں کے لئے میدان صاف ہوسکے۔ اے ڈی خواجہ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک اچھے افسر ہیں جس پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ، جو حکومت سندھ کے غیر قانونی فیصلوں کو نہیں مانتا اور پوری سندھ حکومت اسے ہٹانے کے لیے مصروف عمل ہے۔