میانوالی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے وژن کے مطابق توانائی منصوبوں کی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں اور ہم نومبر2017 کے بعد ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔
میانوالی میں چشمہ ایٹمی بجلی گھر سی فور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آج 8 ماہ بعد پانچویں بجلی گھر سی فورکا افتتاح خوش آئند ہے، منصوبوں کی تکمیل کے لیے چینی حکومت اوراداروں کے مشکورہیں کیونکہ چینی حکومت اورعوام کی مدد کے بغیر یہ منصوبے مکمل نہیں ہوسکتے تھے، نومبر2017 کے بعد ہم ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے کے قابل ہوں گے، جوہری توانائی پلانٹس سے سستی بجلی پیدا ہورہی ہے۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چشمہ اورمظفرگڑھ میں جوہری توانائی کے مزید منصوبے لگائے جارہے ہیں، منصوبے 2020 کے 8800 میگاواٹ جوہری بجلی ہدف میں اہم قدم ہیں، نوازشریف کے وژن کےمطابق توانائی منصوبوں کی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں، گوادرکی بندرگاہ تکمیل کے مراحل میں ہے، منصوبے مکمل ہوکر ملک کوروشن کریں گے اورماحول کوصاف رکھیں گے جب کہ کینوپ کی پیداواری صلاحیت اور جوہری پلانٹس کی کارکردگی سےجوہری بجلی کاحصول ممکن ہوا۔