|

وقتِ اشاعت :   September 12 – 2017

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ بلوچستان کی عوام صحت و وتعلیم سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہے بلوچستان کے اکثر پڑھے لکھے نوجوان بیروزگار ہیں اور اچھی اچھی ڈگریاں ہونے کے باوجود در بدر کی ٹھوکریں کھا ر ہے ہیں ۔

انہوں نے بلوچستان کی عوام سے اپیل کی کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دیں انشا اللہ ہم بلوچستان کی عوام کو ہرگز مایوس نہیں کرینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز درگاہ فتح پور شریف سے سید نذیر حسین شاہ حسینی کے ساتھ آئے ہوئے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔

سردار یار محمد رند کا کہنا تھا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے لیکن آج بلوچستان کے پڑھے لکھے نوجوان بیروزگار ہے اور اعلی تعلیمی ڈگریاں ہونے کے باوجود در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہے آج کسی کو کلرک کے لئے بھی نوکری بغیر پیسوں کے نہیں ملتی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر بلوچستان کی عوام نے ہمیں خدمت کا موقع دیا تو انشا اللہ بلوچستان میں روزگار کے بہترین مواقع پیدا کریں گے امن و امان کے ساتھ ساتھ صحت و تعلیم کے شعبوں میں بھی انقلابی اقدامات کریں گے۔

بلوچستان کی عوام کو ان کے تمام جائز حقوق فراہم کئے جائیں گے اور جس طرح پاکستان تحریک انصاف نے کے پی کے میں تھانہ اور پٹواری کلچر کا خاتمہ کیا ہے اسی طرح بلوچستان میں بھی تھانہ اور پٹواری کلچر کا خاتمہ کرینگے ۔

اس موقع پر درگاہ فتح پور شریف سے سید نذیر شاہ حسینی نے سردار یار محمد رند کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔