کوئٹہ: کوہلو میں بارودی سرنگ دھماکے میں ایک بھائی جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ نوشکی میں زیر زمین چھپائے گئے چھ دستی بم برآمد کرلئے گئے۔
تفصیل کے مطابق منگل کی صبح کوہلو کی تحصیل کاہان کے نواحی علاقے نساؤ میں کچے راستے پر نامعلوم افرا دکی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگ پر موٹرسائیکل چڑھ گیا جس سے زوردار دھماکا ہوگیا۔ دھماکے سے موٹر سائیکل سوار تنگو ؤولد مزارو موقع پر ہی جاں بحق جبکہ اس کا بھائی شاہ دان عرف ڈاڈا زخمی ہوگیا۔ زخمی کو سی ایم ایچ ہسپتال ملتان منتقل کردیا گیا۔
ادھر نوشکی میں پولیس اور ایف سی نے زیر زمین چھپائے گئے چھ دستی بم برآمد کرلئے۔ پولیس کے مطابق نوشکی کے علاقے قادر آباد کے قریب پولیس نے خفیہ اطلاع پر زیر زمین چھپائے گئے چھ دستی بم برآمد کرلئے جو نامعلوم افراد نے تخریب کاری کی غرض سے چھپا رکھے تھے۔ دستی بم ایف سی کی بی ڈی ٹیم نے ناکارہ بناکر پولیس کے حوالے کردیئے۔
کوہلوبارودی سرنگ دھماکے میں ایک بھائی جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا
وقتِ اشاعت : September 13 – 2017