|

وقتِ اشاعت :   September 14 – 2017

 کراچی: سینٹرل جیل سے بھاگنے والے 2 دہشت گرد افغانستان پہنچ گئے جب کہ ملزمان کو سہولت دینے والے افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

کاؤنٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے محکمہ داخلہ سندھ کو جمع کرائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سینٹرل جیل سے بھاگنے والے 2 دہشت گرد افغانستان پہنچ گئے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد جیل سے فرار ہونے کے بعد اورنگی ٹاون گئے جہاں سے وہ حب  کے راستے کوئٹہ پہنچے، ایک دن کوئٹہ میں رہنے کے بعد چمن کے راستے افغانستان فرار ہوگئے تاہم ملزمان کو سہولت دینے والے افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں میں ممتازعرف فرعون اور محمد احمد شامل ہیں جب کہ دونوں دہشت گرد پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، پولیس نے 2013 میں دونوں دہشت گردوں کو گرفتار کیا تھا۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل سینٹرل جیل کراچی سے جیل عملے کی ملی بھگت سے کالعدم لشکر جھنگوی اورکالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے 2 دہشت گرد فرار ہوگئے تھے تاہم دہشت گردوں کی دوبارہ گرفتاری میں ناکامی پر سندھ حکومت نے ڈی آئی جی جیل خانہ اشرف نظامانی کو معطل کردیا تھا۔