کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں شریف خاندان نے جو نظر ثانی اپیلیں دائر کی تھی اس پر سپریم کورٹ کا نظرثانی فیصلہ حق اور سچ کی فتح ہے ۔
پاکستان کی بائیس کروڑ عوام پاکستان کی عدلیہ اور اداروں کے ساتھ ہے آج ایک بار پھر ثابت ہوگیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک لوٹنے والوں کے خلاف جو بات عوام تک پہنچائی تھی وہ حقیقت اور سچ پر مبنی تھی آج ایک دفعہ پھر پاکستانی کی عوام کے امیدوں کے مطابق فیصلہ آیا ہے ۔
پاکستان کی عوام کو ستر سالوں میں چند خاندانوں نے بے دردی سے لوٹا ہے ہمارے چیرمین عمران خان نے جو کرپشن کے خلاف آواز اٹھائی اور جو اقدامات کیے آج پاکستان کی عوام دیکھ رہی ہے کہ وہ سب سچ ثابت ہوئے ہیں ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے گزشتہ روز بھاگ میں سردار زادہ شیر دل مغیری کے گھر میں علاقے کے معززین اور پاکستان تحریک انصاف بھاگ کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی طاقتور شخص کا احتساب ہونے جارہا ہے نیب نواز شریف کے خلاف حدیبیہ پیپر ملز سمیت دیگر مقدمات میں ریفرینس دائر کریں اور پاکستان کی دولت لوٹنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جس طرح ستر سالوں میں چند خاندانوں نے پاکستان کی دولت لوٹ کر پاکستان کی ترقی کا سفر روکا ان کے خلاف بھی کاروائی کے جائے اور لوٹی ھوئی دولت پاکستان واپس لائی جائے تاکہ پاکستان کا مستقبل روشن و محفوظ بنایا جائے اور آئندہ کسی کو بھی پاکستان کی دولت لوٹنے کر باہر جائدادیں بنانے کی ہمت نہ ہو سردار یار محمد رند نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ ممبر سازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔
آخر میں انہوں نے این اے 120 میں ہونے والے الیکشن کے حوالے سے ہدایات جاری کی اور تمام کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ این اے 120 کے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار کو جتوانے کے لئیے بھرپور محنت کریں۔
شریف خاندان کی نظر ثانی اپیلوں کا مسترد ہونا حق کی فتح ہے ، سردار یار محمد رند
وقتِ اشاعت : September 16 – 2017