|

وقتِ اشاعت :   September 17 – 2017

حیدر آباد: سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین اور جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ دینی جماعتیں اگلا الیکشن مشترکہ پلیٹ فارم سے لڑسکتی ہیں۔

حیدرآباد میں عشق رسول ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا کہ تمام دینی جماعتیں 2018 کے عام انتخابات میں مشترکہ پلیٹ فارم سے حصہ لینے پر آمادہ ہیں اور اس حوالے سے کوششیں جاری ہیں، عام انتخابات میں ہمارے ووٹ کو چوری کیا گیا تو اسکا تعاقب کریں گے۔

مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا کہ پاکستان میں اسلامی حکومت ہوتی تو میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح نہ کاٹا جاتا جب کہ بھارت سمیت بعض ممالک پاکستان کو ہڑپ کرنے کے لیے کمربستہ ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے مزید کہا کہ ملک غربت، بدامنی اور عدم استحکام کا شکار ہے، قرضے لیکر اور اثاثے فروخت کرکے بجٹ بنایا جاتا ہے، آئینی ادارے آپس میں دست وگریباں ہیں اور پارلیمنٹ کے فیصلوں کو پس پشت ڈال دیا جاتا ہے۔