|

وقتِ اشاعت :   September 18 – 2017

 کراچی: شہر کے پوش علاقوں میں فیس بک پر لڑکے لڑکیوں سے دوستی کرکے انہیں نشہ کا عادی بنانے والا گروہ گرفتار کرلیا گیا۔

کراچی میں درخشاں پولیس نے معصوم لڑکے لڑکیوں کی زندگی سے کھیلنے والے گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے طلباء و طالبات کو آن لائن منشیات بیچنے والے 4 ملزمان گرفتار کرلیے۔

درخشاں تھانے کے ایس ایچ او اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ ملزمان فیس بک اور سوشل میڈیا کے دیگر ذرائع کے ذریعے یہ گھناؤنا کام کرتے تھے، اور نوجوانوں کو مہلک ترین نشہ آئس پاوڈر، کوکین اور چرس سپلائی کرتے تھے۔

درخشاں پولیس کے مطابق منشیات فروشوں کا 8 افراد پر مشتمل گروپ ہے جس کے 4 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ 4 ملزمان مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، ملزمان نے فیس بک پر لڑکیوں سے دوستی کر کے ان کو بھی نشے کا عادی بنایا، ملزمان پرائیویٹ پارٹیوں میں بھی مطلوبہ نشہ سپلائی کرتے تھے، پہلے معصوم لڑکے لڑکیوں کو مفت میں نشہ پلاتے پھر پیسوں کی ڈیمانڈ کی جاتی۔