|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2017

روسو: کیریبین ملک ڈومینیکا میں ماریا طوفان سے 15 افراد ہلاک اور 20 سے زائد لاپتہ ہوگئے۔

درجہ 4 شدت کا طوفان ماریا ڈومینیکا سے ٹکرایا جہاں اس نے ہر چیز تہس نہس کرکے رکھ دی اور ڈومینیکا کے وزیراعظم روزویلٹ اسکیرٹ نے کہا کہ یہ معجزہ ہی ہے کہ طوفان سے سیکڑوں نہیں بلکہ 15 افراد ہلاک ہوئے۔

متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لینے کے بعد روزویلٹ اسکیرٹ نے کہا کہ ماریا نے ایسی خوفناک تباہی مچائی جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔

شدید طوفان نے ڈومینیکا میں سیکڑوں عمارتوں کو تباہ اور درخت جڑ سے اکھاڑ دیے جبکہ مواصلاتی رابطے منقطع ہوگئے نیز ملک کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا۔

ملک کے مرکزی اسپتال میں بھی بجلی دستیاب نہیں جس کی وجہ سے زخمیوں اور بیماروں کے علاج معالجے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔

ادھر امریکی جزیرے پورٹو ریکو میں بھی ماریا طوفان کی وجہ سے شدید بارشیں ہورہی ہیں اور رہائشیوں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوچکی ہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہیں۔

گورنر ریکارڈو روزیلو نے ماریا کو صدی کا سب سے خوفناک طوفان قرار دیا ہے۔ اب یہ طوفان ترک جزائر کی جانب بڑھ رہا ہے تاہم اس کی شدت کم ہوکر درجہ 3 ہوگئی ہے۔