|

وقتِ اشاعت :   September 22 – 2017

 اسلام آباد: ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کی منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کو نااہل قرار دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

 اسلام آباد ہائیکورٹ کے فاضل جج جسٹس عامرفاروق نے عائشہ گلالئی کو نااہل قرار دینے کے کیس کی سماعت کی۔

درخواست گزارکی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عائشہ گلالئی نے عمران خان پرجھوٹے الزامات لگائے، انہوں نے اسمبلی کے فورم پرعوامی مینڈیٹ کی توہین کی اورعمران خان کے خلاف عدالتی کارروائی کے جائے جھوٹے الزامات لگائے، عائشہ گلالئی عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت قومی اسمبلی کی سیٹ کی اہل نہیں رہی، اس لیے عائشہ گلالئی کونااہل قرار دے کر قومی اسمبلی سے ڈی سیٹ کیا جائے۔

سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزارکے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا یہ ذاتی معاملہ نہیں، بعد ازاں عدالت نے درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا۔

واضح رہے کہ عائشہ گلالئی نے عمران خان پرغیر اخلاقی میسیج بھیجنے کا الزام عائد کیا تھا۔